بیل کتنا ہی ضدی کیوں نہ ہو کسان کھیت جتوا ہی لیتا ہے! زرعی قوانین واپسی پر سنجے راؤت کا طنز

ایک سال تک جاری رہنے والی کسان تحریک کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کے قوانین واپسی کے اعلان پر شیو سینا لیڈر سنجے راؤت نے طنز کیا ہے

زرعی قوانین کی واپسی پر سنگھو بارڈر پر جشن / تصویر قومی آواز / وپن
زرعی قوانین کی واپسی پر سنگھو بارڈر پر جشن / تصویر قومی آواز / وپن
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: وزیر اعظم نریندر مودی کے زرعی قوانین کو واپس لینے کا اعلان کرنے کے بعد حزب اختلاف کی جانب سے رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اسی ضمن میں شیو سینا لیڈر سنجے راؤت نے طنز کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی پر حملہ بولا ہے۔ سنجے راؤت نے کہا، ’’بیل کتنا ہی ضدی کیوں نہ ہو، کسان اپنا کھیت جُتوا ہی لیتا ہے۔ جے جوان جے کسان۔‘‘

سنجے رؤت سوشل میڈیا پر کافی فعال رہتے ہیں اور اپنے بیانوں پر اکثر زیر بحث آ جاتے ہیں۔ قوانین واپسی کے اعلان کے بعد انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصویر شیئر کی ہے، جس میں وہ کسان لیڈر ٹکیت کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ سنجے راؤت نے لکھا، ’’ٹریکٹر اور جے سی بی کا ساتھ، زرعی قوانین ہوا صاف۔‘‘


زرعی قوانین واپس لئے جانے کے مطالبہ پر کسان لمبے وقت سے تحریک چلا رہے ہیں۔ اچانک گرو نانک کے پرکاش پرو کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے قوانین کی واپسی کا اعلان کر دیا۔ اس فیصلے کے بعد سے تمام حزب اختلاف کے لیڈران حکومت پر طنز کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو آخرکار کسانوں کی تحریک کے سامنے جھکنا پڑا۔

خیال رہے کہ کسان گزشتہ ایک سال سے دہلی کی سرحدوں پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم کے قوانین واپسی کے اس اعلان کو آئندہ انتخابات سے بھی جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔