’بی جے پی چاہے کتنی ہی کوشش کرلے، ہم متحد ہیں‘، اشوک گہلوت نے مودی اور شاہ کو بنایا نشانہ

راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا کہ تمام ایجنسیاں ان (بی جے پی) کے کنٹرول میں ہیں، پورا ملک دیکھ رہا ہے کہ کیا ہو رہا ہے۔ مودی اور امیت شاہ کو ایک غلط فہمی ہے، اب ان کا وہم ٹوٹے گا۔

اشوک گہلوت، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

عام آدمی پارٹی کے 7 اراکین پارلیمنٹ کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد پارٹی کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ پارٹی میں اس بھیانک انحراف پر راجستھان کے سابق وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ان کے اور پائلٹ کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن اس کوشش کے باوجود وہ پائلٹ کے خلاف کچھ نہیں بولیں گے۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ بی جے پی والے اپنی حرکتوں سے باز آئیں گے نہیں۔ وہ ملک میں لگاتار جمہوریت کا قتل کر رہے ہیں، سب کے سامنے جمہوریت کمزور ہورہی ہے، یہ تسلیم کرنا پڑے گا۔

اشوک گہلوت نے کہا کہ تمام ایجنسیاں ان کے کنٹرول میں ہیں۔ متل جو ممبر آف پارلیمنٹ ہیں، حال ہی میں ان کے ٹھکانوں پر چھاپے پڑے، بی جے پی نے پہلے راگھو چڈھا کو بھی پریشان کیا تھا اور باقی جن اراکین پارلیمنٹ نے پارٹی چھوڑی ہے، ان سب کے نام شراپ پالیسی والے معاملے میں ڈال رکھے تھے، تو یہ ان کی پالیسی ہے اور اس سے وہ بڑے خوش ہورہے ہوں گے۔


کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ پورا ملک دیکھ رہا ہے کہ یہ کیا ہو رہا ہے اور مودی کو، امت شاہ کو غلط فہمی ہے۔ اب ان کا وہم ٹوٹے گا، ملک بھر کے لوگ سمجھ گئے ہیں کہ وہ ہندوتوا کے نام پر سیاست کرتے ہیں، انہوں نے ہندوتوا کو مضبوط کرنے کے لیے کیا کیا؟ صرف بھڑکانے کے علاوہ کیا کام کیا؟ اور اب دیکھئے، یہ واردات ہوئی ہے، یہ چھوٹا سا واقعہ ہے کیا؟، انہوں نے کہا کہ ’واشنگ مشین‘ لگی ہوئی ہے، سب بلکل ٹھیک ہوجائیں گے، کسی کے خلاف کوئی کیس نہیں رہے گا۔ یہ واشنگ مشین، جسے انہوں نے پکڑ رکھا ہے، انہوں نے مہاراشٹر کانگریس کے لوگوں کو توڑا، کرناٹک میں، مدھیہ پردیش میں، یہاں پر بھی کمی نہیں رکھی۔

پارٹی کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے گہلوت نے کہا کہ بی جے پی چاہے کتنی ہی کوشش کرلے، پارٹی کے لیڈر متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بار بار بھجن لال اور مدن راٹھور بولتے ہیں، ہمارے اوپر بولتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ سچن پائلٹ کا نام لوں کہ لوگ مانیسر گئے تھے۔ وہ چاہتے ہیں کہ نام لیں تو ان کی لڑائی شروع ہوجائے، میں ان کوذمہ دار ٹھہراتا ہوں، تم نے ہارس ٹریڈنگ کتنے لوگوں کے ساتھپ کی بتاؤ؟ آپ نے کیا راجستھان والوں کو چھوڑا؟، ہم تو متحد ہیں۔


گہلوت نے مزید کہا کہ ان سے پوچھیں، کیا انہوں نے راجستھان کے اندر کوئی کمی رکھی کیا؟ 34 دن ہوٹل میں رہے ہم لوگ، ان کی بداعمالیوں کی وجہ سے۔ بی جے پی کے جو لوگ تھے، انہیں سمجھ نہیں رہے تھے کیا؟ ٹھیک ہے، الیکشن میں ہم لوگ کامیاب نہیں ہوپائے، نریندرمودی اور امت شاہ نے خوب جھوٹ بولے تھے۔ ہم پرجھوٹے الزام بھی لگائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جیتنا الگ بات ہے، مگر یہ لوگ جو تماشہ کررہے ہیں وہ کہاں نہیں ہورہا ہے۔ مغربی بنگال میں کیا ہورہا ہے، سب دیکھ رہے ہیں۔۔ ان کا جمہوریت میں کوئی یقین نہیں ہے اور اگر ابھی نئی نسل ملک کو نہیں سمجھے گی، ملک والے نہیں سمجھیں گے تو سب کو بھگتنا پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔