مودی-شاہ کتنی بھی کوشش کریں 2024 میں آمریت کا خاتمہ یقینی، سامنا میں بی جے پی پر حملہ

ترجمان سامنا میں بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے شیوسینا نے لکھا ہے کہ مودی-شاہ کتنی ہی کوشش کریں 2024 میں آمریت کا خاتمہ یقینی ہے

ادھو ٹھاکرے، تصویر سوشل میڈیا
ادھو ٹھاکرے، تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) نے اپنے ترجمان سامنا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو پھر نشانہ بنایا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سامنا میں لکھا گیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات وقت سے پہلے یعنی دسمبر کے مہینے میں ہی ہوں گے۔ اس کے لیے پرائیویٹ چھوٹے طیاروں، ہیلی کاپٹروں کی بکنگ شروع ہو چکی ہے۔

اداریہ میں بی جے پی پر طاقت کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا گیا کہ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی بکنگ سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے کا اقدام ہے۔ اختیارات کا یہ غلط استعمال انتخابات کے دوران اس بات کو یقینی بنانے کے لیے شروع ہوا ہے کہ مخالفین کو تیز رفتار وسائل نہ ملیں، یہ قابل اعتراض ہے۔


بی جے پی پر بدعنوانی سے کمائی کا الزام لگاتے ہوئے اداریہ میں لکھا گیا کہ بی جے پی اور اس کے حامیوں کے پاس بے پناہ دولت ہے۔ یہ پراپرٹی کیسے بنتی ہے؟ اس میں کہا گیا ہے کہ چندریان-3 کی لاگت 650 کروڑ روپے بتائی گئی ہے اور دہلی میں دوارکا ایکسپریس وے کی تقریباً تین کلومیٹر سڑک کی لاگت 750 کروڑ روپے سے زیادہ ہو گئی ہے!

مزید کہا گیا ہے کہ 3 کلومیٹر کے پیچھے 500 کروڑ خرچ کرنے والوں نے انتخابی مہم کے لیے ملک کے تمام پرائیویٹ طیارے، ہیلی کاپٹر بک کر لیے ہیں، پھر اس میں حیرت کی کیا بات ہے؟ بی جے پی کے ایم پی ڈی اروند پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ای وی ایم کا کوئی بھی بٹن دبائیں، ووٹ صرف بی جے پی کو جائے گا! اس کا مطلب ہے کہ بی جے پی نے ہیلی کاپٹر کے ساتھ لاکھوں ای وی ایم بھی بک کرائی ہیں۔


اخبار میں مزید کھتا گیا ہے کہ چاہے آپ کتنی ہی بکنگ کر لیں، پھر بھی ووٹر کرپٹ ای وی ایم کی چھاتی پر پیر رکھ کر آمریت کو شکست دیے بغیر نہیں رہیں گے۔

سامنا میں کہا گیا ہے کہ سرکاری نجومیوں نے بی جے پی کو 2024 کے بجائے 2023 میں انتخابات کرانے کا مشورہ دیا ہے۔ الیکشن 2024 میں کرائیں یا 2023 میں، مودی-شاہ کی زائچہ میں اب ’راج یوگ‘ نہیں ہے۔ اگر وہ بے ایمانی سے کچھ کرنے کی کوشش بھی کریں گے تو معاملہ ان پر ہی پلٹ جائے گا۔

اخبار نے الزام لگایا کہ مودی-شاہ اور گجرات کے ان کے امیر دوستوں نے طویل عرصے سے جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا ہے۔ 2024 میں عوام آمرانہ فطرت کو شکست دے کر جمہوریت کو بحال کریں گے۔ اسی لیے 'انڈیا' اتحاد نے جنم لیا ہے۔

اداریہ میں آخر میں کہا گیا ہے کہ انتخابات چاہے 2024 میں ہوں یا 2023 میں، ہیرانیاکشیپ کی صورت میں آمریت کا خاتمہ یقینی ہے۔ 'انڈیا' اتحاد نے ملک کی فضا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ عوام بیدار ہو چکے ہیں اور کسی جھانسہ میں نہیں آنے والے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔