’منی پور یا کمبھ میں ہوئیں اموات پر جانچ کمیشن نہیں بھیجا، لیکن کرور میں فوراً ٹیم بھیجی جا رہی‘، اسٹالن کا مرکز پر حملہ

وزیر اعلیٰ اسٹالن نے کہا کہ ’’بی جے پی سوچتی ہے وہ کرور بھگدڑ میں ہوئیں اموات سے سیاسی فائدہ اٹھا سکتی ہے، یا اس کا استعمال کسی کو دھمکانے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

تمل ناڈو کے کرور میں ہوئے بھگدڑ کی جانچ کے لیے مرکز کے ذریعہ تحقیقاتی ٹیم بھیجنے کے فیصلہ پر وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے جمعہ کے روز رامناتھ پورم میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ’’تمل ناڈو 3 بڑی قدرتی آفات کی زد میں آیا، جس نے ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا۔ اس وقت مرکزی وزیر برائے مالیات نہ یہاں آئیں اور نہ ہی کوئی فنڈ فراہم کیا۔ لیکن اس بار وہ فوراً کرور پہنچ گئیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی نے منی پور کے فسادات، گجرات کے واقعات یا کمبھ میلے میں ہونے والی اموات کے لیے کوئی جانچ کمیشن نہیں بھیجا، لیکن اب کرور میں فوراً ایک ٹیم بھیجی جا رہی ہے۔ یہ قدم تمل ناڈو کے تئیں کسی ہمدردی کے سبب نہیں اٹھایا گیا ہے، بلکہ صرف اس لیے یہ پیش قدمی کی گئی ہے کیونکہ آئندہ سال انتخابات ہونے والے ہیں۔‘‘

وزیر اعلیٰ اسٹالن نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی سوچتی ہے وہ اس (کرور میں بھگدڑ سے ہوئیں اموات) سے کچھ سیاسی فائدہ اٹھا سکتی ہے، یا اس کا استعمال کسی کو دھمکانے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ بی جے پی دوسروں کا خون چوس کر زندہ رہتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ریاست کے مفادات کو نظر انداز کرتی ہے، ریاستوں کے حقوق چھین لیتی ہے۔ وہ تو یہاں تک سوچتی ہے کہ ریاستوں کا وجود ہی نہیں ہونا چاہیے۔


تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب کے دوران بی جے پی کو گنہگاروں کی پناہ گاہ تک کہہ ڈالا۔ انھوں نے کہا کہ ’’جو لوگ قصوروار ہیں اور اپنے غلط کاموں سے بچنا چاہتے ہیں، وہ بی جے پی کو اپنے گناہوں کو دھونے کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ بی جے پی، پلانی سوامی کو کیسے استعمال کر رہی ہے؟ اس نے انہیں ریلی سے ریلی، اسٹیج سے اسٹیج اور سڑک سے سڑک تک سفر کرنے پر مجبور کیا ہے تاکہ مزید اتحادی ان کے ساتھ لائے جا سکیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’جو لوگ واقعی تمل ناڈو اور تمل عوام کی فکر کرتے ہیں، وہ کبھی بھی بی جے پی کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے۔ کیونکہ بی جے پی آر ایس ایس کی فرقہ وارانہ پالیسیوں کو پورے ملک میں نافذ کرنے والا سیاسی بازو ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔