کسانوں کو ہراساں کرکے اقتدار میں ٹکنا مشکل: اکھیلیش

ایک وقت ایسٹ انڈیا کمپنی کاروبار کرنے آئی تھی وہی حکومت بن گئی، ہم اس کے غلام بن گئےہیں۔ بی جے پی حکومت کمپنی سرکار چلائے گی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

حکومت کا جو کسانوں کے ساتھ رویہ ہےاس کو لے کر غصہ بڑھتا جارہا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو نے اس تعلق سے کہا ہےکہ مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ کسانوں کو ہراساں کرکے کوئی اقتدار میں نہیں ٹک سکتا۔

اکھیلیش یادو نے جمعہ کو جاری بیان میں کہا کہ تین زرعی قوانین کی واپسی تک کسانوں نے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس لڑائی سے ہندستان کی مٹی کا مستقبل جڑا ہے۔ کسان کی محنت سے ہی لوگوں کو کھانا ملتا ہے، زندگی چلتی ہے۔ بی جے پی حکومت نے اپنے آنکھ کان بند کررکھے ہیں۔ اسے کاشتکاروں کی پریشانی نظر نہیں آرہی ہے۔


انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے لوگ کھیتی نہیں کرتے ہیں۔ کسان کا دھان 900سے 1100روپے میں لوٹ لیا گیا، مکہ اور آلو کیسے خریدا جائے گا۔ ایم ایس پی کہاں مل رہی ہے۔ ایک وقت ایسٹ انڈیا کمپنی کاروبار کرنے آئی تھی وہی حکومت بن گئی، ہم اس کے غلام بن گئے۔ بی جے پی حکومت کمپنی سرکار چلائے گی۔ سیاہ قوانین سے کسان کی کھیتی چھن جائے گی۔ اسے انصاف نہیں ملے گا۔ صنعت کاروں کی مان مانی چلے گی۔

سابق وزیراعلی نے کہاکہ بی جے پی حکومت نے نوجوانوں کو موبائل میں الجھا دیا ہے۔ حکومت کی نقص سے پر پالیسیوں سے نئی نسل کا مستقبل غیرمحفوظ ہوگیا ہے۔ زرعی قوانین خطرناک قدم ہے۔ کھیتی کے بغیر کوئی عالمی گرو نہیں بن سکتا۔مرکز کی بی جے پی حکومت کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ کسانوں کو ہراساں کرکے کوئی اقتدار میں نہیں ٹک سکتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔