سی بی آئی معاملہ: مودی کے وزیر کا بڑا بیان، کہا ’اب جانچ ایجنسی پر بھروسہ نہیں‘

مودی کابینہ میں وزیر رام داس اٹھاولے نے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار ہو رہے اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسے جی ایس ٹی کے دائرے میں لائیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سی بی آئی کو اس وقت بحرانی صورت حال کا سامنا ہے۔ پورا ملک یہ دیکھ کر ششدر ہے کہ قابل اعتماد جانچ ایجنسی سی بی آئی کے سرکردہ افسران پر بدعنوانی کے الزام عائد ہو چکے ہیں۔ اس تنازعہ کے بعد نریندر مودی حکومت میں وزیر رام داس اٹھاولے نے بیان دیا ہے کہ انھیں اس تنازعہ کے بعد جانچ ایجنسی پر بھروسہ نہیں رہا۔ یہ بیان جمعرات کو ایک تقریب میں شرکت کرنے پٹنہ پہنچے رام داس اٹھاولے نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہی۔

ایک ہندی نیوز ویب سائٹ سے بات چیت کے دوران اٹھاولے نے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ سی بی آئی کے دو بڑے افسران کے درمیان جھگڑے کی وجہ سے اس ادارے کی شبیہ خراب ہوئی ہے اور اس جانچ ایجنسی کے تعلق سے جو تنازعہ چل رہا ہے وہ افسوسناک ہے۔ حالانکہ اس معاملے میں انھوں نے مودی حکومت کا دفاع کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

رام داس اٹھاولے نے ایس سی-ایس ٹی ایکٹ کے خلاف اعلیٰ ذات کی ناراضگی پر بھی اپنا نظریہ میڈیا کے سامنے رکھا۔ انھوں نے کہا کہ اعلیٰ ذات کو بھی ان کی معاشی بنیاد پر 20 فیصد سے 25 فیصد ریزرویشن ملنا چاہیے۔ انھوں نے اس تعلق سے نریندر مودی حکومت سے اپیل کی کہ وہ جلد اس سلسلے میں پارلیمنٹ میں بل لے کر آئیں اور پاس کروائیں۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار ہو رہے اضافے پر فکرمندی ظاہر کرتے ہوئے اٹھاولے نے مودی کی پالیسیوں پر اشاروں اشاروں میں سوالیہ نشان کھڑے کر دیئے۔ انھوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتیں کم ہونی بے حد ضروری ہیں، اور مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ پٹرول و ڈیزل کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔