عام انتخابات: پلوامہ اور شوپیاں میں کوئی گہما گہمی نہیں، لداخ میں لگیں لمبی قطاریں

لداخ پارلیمانی حلقے میں دو اضلاع لیہہ اور کرگل شامل ہیں۔ کرگل ضلع کے دو اسمبلی حلقے کرگل اور زانسکار جبکہ لیہہ ضلع کے نوبرا اور لیہہ اسمبلی حلقو ں پر مشتمل ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: سیکورٹی لحاظ سے حساس مانی جانے والی ریاست جموں وکشمیر میں عام انتخابات کے پانچویں مرحلے کے تحت پیر کی صبح سات بجے اننت ناگ اور لداخ پارلیمانی حلقوں میں پولنگ کا آغاز ہوگیا۔ جہاں صوبہ لداخ کے دو اضلاع پر مشتمل لداخ پارلیمانی حلقے میں پولنگ مراکز پر رائے دہندگان کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، وہیں حساس ترین اننت ناگ پارلیمانی حلقے کے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں بیشتر پولنگ مراکز پر کوئی گہما گہمی نظر نہیں آرہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پلوامہ اور شوپیاں کے بیشتر علاقوں میں پولنگ مراکز پر صرف سیکورٹی فورسز اور انتخابی عملہ کے اہلکار نظر آرہے ہیں۔ حساس ترین اننت ناگ پارلیمانی حلقے کے دونوں پولنگ والے اضلاع میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے لئے ان اضلاع میں تشدد سے مبرا انتخابات کرانا سب سے بڑا چیلنج ہے۔


سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہر ایک پولنگ مرکز پر معقول تعداد میں فورسز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا 'فورسز اہلکاروں کو امن وقانون کی صورتحال سے نمٹنے کے دوران حد درجہ صبر وتحمل سے کام لینے کے لئے کہا گیا ہے'۔ انتخابی کمیشن کے مطابق ریاست میں آج پارلیمانی انتخابات کے آخری مرحلے کے تحت 6.97 لاکھ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

آخری مرحلے میں لداخ پارلیمانی حلقہ اور اننت ناگ پارلیمانی حلقے کے پلوامہ و شوپیاں اضلاع میں لگ بھگ 697,148 رائے دہندگان اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ ان میں 357,879 مرد ، 335,799 خواتین، 3,456 سروس ووٹر ( 3401مرد اور 55خواتین) کے علاوہ 4 خواجہ سرا شامل ہیں۔ ان حلقہ انتخاب میں احسن طریقے پر انتخابی عمل یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ان علاقوں میں 1254 پولنگ مراکز قائم کیے ہیں۔


لداخ پارلیمانی حلقے میں دو اضلاع لیہہ اور کرگل شامل ہیں۔ کرگل ضلع کے دو اسمبلی حلقے کرگل اور زانسکار جبکہ لیہہ ضلع کے نوبرا اور لیہہ اسمبلی حلقو ں پر مشتمل ہے۔ لداخ حلقہ انتخاب میں 174,618ووٹر ہیں ان میں سے 86,752 مرد ،85,064 خواتین، 2799 سروس ووٹر ( 2755مرد اور 44 خواتین) کے علاوہ تین خواجہ سرا شامل ہیں۔ ای سی آئی نے پورے حلقے میں 559 پولنگ مراکز قائم کیے ہیں۔

کرگل ضلع کے 87,781 رائے دہندگان میں 44,057 مرد، 42,405 خواتین، 1,318سروس ووٹر (1,315 مرد اور تین خواتین) کے علاوہ ایک خواجہ سرا ووٹر ہے۔ اسی طر ح لیہہ ضلع کے 86,827 رائے دہندگان میں 42,695 مرد، 42,659 خواتین،1481سروس ووٹر ( 1440مرد اور 41خواتین) کے علاوہ دو خواجہ سرا ووٹر ہیں۔ الیکشن حکام نے ضلع بھر میں انتخابات احسن طریقے منعقد کرنے کے لئے 294 پولنگ مراکز قائم کیے ہیں۔


ای سی آئی نے لیہہ (گائیک) اور نوبرا ( واشی) حلقوں میں دو پولنگ مراکز قائم کیے ہیں جہاں صرف 7 رائے دہندگان موجود ہیں جبکہ لیہہ ( شینام) جہاں سب سے زیادہ 1301 رائے دہندگان موجود ہیں میں بھی پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ انلےفو ( چانگ تھانگ) جو لیہہ ضلع کا سب سے زیادہ 15,000 فٹ اونچائی پر واقع پولنگ مرکز قائم کیا گیا ہے۔ یہ مرکز ایل اے سی سے صرف 50 میٹر کی دوری پر قائم کیا گیا ہے۔

جن امید واروں نے ان انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اُن میں انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی) کے ریگزن سپالبار، بی جے پی کے جمیانگ ژیرنگ نمگیال اور آزاد امیدوار اصغرعلی کربلائی اور سجاد حسین شامل ہیں۔ اس حلقہ اِنتخاب کے لئے ووٹ ڈالنے کا وقت صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔


اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے لئے تیسرے مرحلے کے انتخابات کے آخر پر وادی کشمیر کے دو اضلاع پلوامہ اور شوپیاں بھی انتخابات میں شامل ہو رہے ہیں۔ پلوامہ اور شوپیاں کے دو اضلاع 6 اسمبلی حلقوں پر محیط ہیں جن میں ترال، پانپور، پلوامہ، راجپورہ، وچی اور شوپیاں علاقے شامل ہیں۔ ان اضلاع میں انتخابات احسن طریقے پر منعقد کرنے کے لئے 695 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

ان اضلاع میں 522,530 رائے دہندگان ہیں جن میں 271,127 مرد ، 250,735 خواتین ،657 سروس ووٹر ( 646مرد اور 11 خواتین ) کے علاوہ 11 خوا جہ سرا شامل ہیں۔ پلوامہ ضلع میں 351,314 رائے دہندگان ہیں جن میں 181,259 مرد ، 169,508خواتین، 541 سروس ووٹر ( 533مرد اور 8خواتین ) کے علاوہ 6 خواجہ سرا ہیں۔ ضلع میں شفاف انتخابات یقینی بنانے کے لئے ای سی آئی نے ضلع بھر میں 450 پولنگ مراکز قائم کیے ہیں۔ اسی طرح شوپیاں ضلع میں 171,216 رائے دہندگان ہیں جن میں 89,868 مرد ، 81,227 خواتین، 116 سروس ووٹر ( 113مرد اور 3خواتین ) کے علاوہ پانچ خواجہ سرا ہیں۔ ضلع بھر میں 245 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔


جو امیدوار چناوی دوڑ میں ہیں اُن میں نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی، بھارتی جنتا پارٹی کے صوفی یوسف، انڈین نیشنل کانگریس کے غلام احمد میر، پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی، نیشنل پینتھرس پارٹی کے نثار احمد وانی، پیپلز کانفرنس کے چودھری ظفر علی، مانو ادھیکار پارٹی کے سنجے کمار دھر، پرگتی شیل سماج وادی پارٹی ( لوہیا ) کے سریندر سنگھ اور آزاد امید وار امتیاز احمد راتھر، رضوانہ صنم ، ریاض احمد بٹ، زبیر مسعودی، شمس خواجہ، علی محمد وانی، غلام محمد وانی ، قیصر احمد شیخ، منظور احمد خان اور مرزا سجاد حسین بیگ شامل ہیں۔

اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو اِنتخابات منعقد ہوئے۔ ان اضلاع میں ووٹنگ صبح 7 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 May 2019, 12:10 PM