سی بی ایس ای طلباء کو راحت، 10 ویں ریاضی کا امتحان دوبارہ نہیں ہوگا

دہلی پولس کی کرائم برانچ مسلسل پرچہ لیک ہونے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ٹیم نے سی بی ایس ای کے دفتر کا بھی جائزہ لیا ہے اوران کےاعلی افسران سے سوال جواب بھی کئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سینئر سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ کے 10 ویں کلاس کے طلباء کے لئے خوشی کی خبر آئی ہے۔ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ 10ویں کلاس کا ریاضی کا امتحان ملک کے کسی بھی حصہ میں دوبارہ نہیں لیا جائے گا۔ حالانکہ پہلے یہ کہا جا رہا تھا کہ دہلی اور ہریانہ سے ملحقہ علاقہ میں امتحان دوبارہ کرایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ 10ویں کلاس کے ریاضی اور 12 ویں کلاس کے اکنامکس کے امتحان کو سی بی ایس ای کی طرف سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

بورڈ پہلے ہی 12 ویں کلاس کے اکنامکس کے امتحان کی تاریخ جاری کر چکا ہے اور دوبارہ امتحان 25 اپریل کو کرایا جائے گا ۔ بورڈ کی طرف سے بارہویں کلاس کےامتحان کی تاریخ کا اعلان کرتے وقت کہا گیا تھا کہ بورڈ 10ویں کے ریاضی کے امتحان کرانے یا نہ کرانے پر فیصلہ جلد لے گا۔ اس دوران افسران نے کہا تھا کہ دہلی اور ملحقہ ریاستوں کے علاوہ پرچہ لیک کے معاملات کہیں اور پیش نہیں آئے ہیں لہٰذا ملک کی دیگر ریاستوں میں امتحان لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ امتحان کا پرچہ لیک ہوا ہے یا نہیں اس کے لئے بورڈ نے ایک فارمولہ اختیار کیا ۔یعنی امتحان کی کاپیوں کو جانچ کر یہ دیکھا گیا کہ تمام طلباء نے جوابات ایک جیسے ہی دئیے ہیں یا نہیں ۔ تمام طرح کی جانچ کرنے کے بعد بورڈ اس نتیجہ پر پہنچا کہ طلباء کی اکثریت نے ایمانداری سے امتحان دیا ہے اس لئے امتحان دوبارہ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

قبل ازیں سوشل میڈیا پر ایک جعلی خط پھیلایا جا رہا تھا جس میں کہا جا رہا تھا کہ امتحان 30 اپریل کو ہونے جا رہا ہے۔ تاہم، بورڈ نے نوٹیفکیشن جاری کر تے ہوئے یہ واضح کر دیا تھا کہ خط جعلی ہے اور ایسا کوئی فیصلہ بورڈ کی طرف سے نہیں لیا گیا ہے۔

دہلی پولس کی کرائم برانچ مسلسل امتحان کا پرچہ لیک ہونے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ٹیم نے سی بی ایس ای کے دفتر کا بھی جائزہ لیا ہے اور سی بی ایس ای کے اعلی افسران سے سوال جواب کئے ہیں۔ ابھی تک کئی لوگوں کو کرائم برانچ کی جانب سے گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ دہلی اسکول کے سی بی ایس ای کے افیشیل انچارج کے ایس رانا کو بھی معطل کیا گیا ہے۔

تعلیمی سکریٹری انل سوروپ کا کہنا ہے کہ 3 ممبران کی کمیٹی اندرونی جانچ کرے گی اور جن وجوہات کی بنا پر پرچہ لیک ہوا ان کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسا دوبارہ نہ ہو۔ دوسری طرف سی بی ایس سی کے چیئرمین نے 10 ویں کلاس کے ریاضی کا امتحان دوبارہ کرانے کے امکان پر کہا کہ دسویں کلاس کے نتائج کا اعلان بروقت کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔