22 دن ہوگئے بی جے پی کا کوئی لیڈر ہمارے پاس نہیں آیا، خواتین ارکان پارلیمنٹ کو خط لکھیں گے پہلوان

خواتین ریسلرز نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔ پہلوان اس معاملے کو لے کر دھرنے پر بیٹھے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر یو این آئی</p></div>

تصویر یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے پہلوانوں کا درد ایک بار پھر کھل کر سامنے آیا ہے۔ پہلوانوں نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی استحصال کے الزامات لگائے ہیں۔ ساکشی ملک، بجرنگ پونیا اور ونیش پھوگٹ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 22 دن ہو گئے ہیں، اب تک بی جے پی کا کوئی بھی لیڈر ہمارے پاس نہیں آیا ہے۔

اولمپک میڈلسٹ ساکشی ملک نے کہا ’’کل ہم بی جے پی کی خواتین ممبران پارلیمنٹ کو خط لکھ کر ان سے مدد مانگیں گے اور یہ خط ان کے گھر پہنچائیں گے۔ ہمیں معاشرے کے تمام لوگوں کا تعاون درکار ہے۔ ہم جو الزامات لگا رہے ہیں وہ سچ ہیں۔ اس لیے آپ سب لوگ ہماری حمایت میں آئیں۔‘‘


ونیش پھوگاٹ نے اپیل کی کہ منگل کو تمام لوگ اپنے اپنے ضلع ہیڈکوارٹر جا کر میمورنڈم دیں اور ہماری حمایت میں 16 مئی کو ستیہ گرہ کریں۔ پہلوان بجرنگ پونیا نے کہا کہ ہم اولمپک ایسوسی ایشن کی طرف سے گزشتہ روز ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کی تحلیل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس معاملے میں دہلی پولیس نے جمعرات کو برج بھوشن شرن سنگھ کا بیان ریکارڈ کیا تھا۔ پولیس نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے اسسٹنٹ سکریٹری ونود تومر کا بیان بھی ریکارڈ کیا۔ دہلی پولیس نے گزشتہ ماہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دو کیس درج کیے تھے۔


پہلی ایف آئی آر ایک نابالغ کی طرف سے لگائے گئے الزامات سے متعلق ہے جس میں پوکسو ایکٹ اور تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری ایف آئی آر بالغوں کی طرف سے لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات سے متعلق ہے۔ اس کے علاوہ دہلی پولیس نے جمعہ کو خصوصی عدالت کو بتایا تھا کہ معاملے کی جانچ کے لیے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔