بہار ریلی: شہید کو بھولے مودی، آخری رسومات میں نہیں پہنچا کوئی این ڈی اے رہنما

جموں و کشمیر کے ہندواڑہ میں تصادم کے دوران شہید ہونے والے پنٹو کمار سنگھ کا جسد خاکی صبح 8 بجے پٹنہ ایئر پورٹ پہنچا، لیکن بہار حکومت کا کوئی وزیر یا رہنما خراج عقیدت پیش کرنے نہیں پہنچا۔

یو این آئی
یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: پلوامہ حملہ کے بعد سے ہی وزیر اعظم نریندر مودی اپنی انتخابی ریلیوں میں ملک کے شہید جوانوں کے حوالہ سے بڑی بڑی باتیں کر رہے ہیں لیکن آج بہار میں ریلی کے دوران بہار کے ہی ایک جوان کی شہادت کو مودی حکومت اور ان کی معاون جماعتوں نے نظر انداز کر دیا۔ بہار کی برسر اقتدار جماعت کا کوئی بھی رہنما شہید پنٹو کمار کو خراج عقیدت پیش کرنے نہیں پہنچا۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے ہندواڑہ میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہوئے بہار بیگو سرائے کے سینٹرل ریزرو پولس فورس (سی آر پی ایف) کے افسر پنٹو کمار سنگھ کا جسد خاکی صبح 8 بجے فوج کے طیارے سے جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لایا گیا۔

افسوس کا مقام ہے کہ ایئرپورٹ پر ان کے جسد خاکی کو لینے کے لئے ان کے گھر والوں کے علاوہ سی آر پی ایف کے کچھ لوگ ہی شامل تھے۔ غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ہی بہار میں اپنی انتخابی ریلی کو خطاب کیا۔

پٹنہ ہوائی اڈے پر جس وقت شہید پنٹو کمار کا جسد خاکی پہنچا تو کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھا، ضلع افسر کمار روی اور سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ گریما ملک کے علاوہ سی آر پی ایف اور فوج کے سینئر افسر وہاں موجود تھے۔ پٹنہ ہوائی اڈے پر شہید کا جسد خاکی آنے کے بعد ہیلی کاپٹر سے بیگو سرائے بھیج دیا گیا جہاں سے ان کے آبائی گاؤں بکھری بلاک کے دھیان چکی گاؤں لے جا یا گیا۔

اس دوران وزیر اعلی نتیش کمار نے گزشتہ روز پنٹو کمار سنگھ کے شہید ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی آخری رسومات ریاستی حکومت کی جانب سے پولس اعزاز کے ساتھ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کی شہادت کو ملک ہمیشہ یاد رکھے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Mar 2019, 8:09 PM