دارالعلوم دیوبند سے شاہین باغ مظاہرہ ختم کرنے کی کوئی اپیل جاری نہیں کی گئی: قاسم نعمانی

قاسم نعمانی نے بیان میں کہا، ’’میرے حوالے سے جو ویڈیو وائرل کی جارہی ہے وہ شہر دیوبند کے معزز افراد کی اعلی افسران کے ساتھ شہر دیوبند امن وامان باقی رکھنے کے سلسلے میں ایک مشاورتی میٹنگ تک محدود تھی‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دیوبند: دارالعلوم دیوبند نے اس وائرل ویڈیو کی تردید کی ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ دارالعلوم قومی شہریت ترمیمی قانون (این آر سی)، این پی آر کے خلاف خواتین کی تحریک کو ختم کرانا چاہتا ہے۔ یہ بات دارالعلوم دیوبند کےمہتمم ابوالقاسم نعمانی نے اپنے دستخط سے جاری بیان میں کہی ہے۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’دارالعلوم دیوبند حکومت ہند کے ذریعہ دیئے گئے بیان کہ ’ابھی تک این آر سی کو ملک گیر سطح پر تیار کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا‘ سے مطمئن نہیں ہے۔ سی اے اے اور این آر سی قومی وملی سطح پر نہایت حساس مسئلہ ہے اس کو ہلکے میں نہیں لیاجاسکتا ہے۔ سی اے اے کی واپسی اور این آر سی کبھی نافذ نہ کرنے کی مکمل یقین دہانی تک ہمیں اپنا دستوری حق استعمال کرتے ہوئے اس کے خلاف پرامن جدوجہد جاری رکھنی چاہئے۔‘‘

دارالعلوم دیوبند سے شاہین باغ مظاہرہ ختم کرنے کی کوئی اپیل جاری نہیں کی گئی: قاسم نعمانی

جاری بیان کے مطابق دارالعلوم دیوبند صدر جمہوریہ ہند اور چیف جسٹس آف انڈیا کو سی اے اے ختم کرنے کے سلسلے میں پہلے ہی میمورنڈم پیش کرچکا ہے۔ دراصل یہ ملک گیر تحریک آئین ہند اور اس کی روح کی حفاظت کی تحریک ہے، تاہم میں ذاتی طور پر اس کوبھی اس جدوجہد کی قدر کامیابی سمجھتا ہوں کہ حکومت ہند ایک انچ پیچھے ہٹنے کے لئے تیار نہیں تھی اب این آر سی کے سلسلے میں نرم رویہ اختیار کررہی ہے۔ بلاشبہ بغیر مکمل اطمینان حاصل کئے اس تحریک اور جدوجہد کو ختم کرنے کی اپیل نہیں کی جاسکتی۔

قاسم نعمانی نے بیان میں مزید کہا، ’’میرے حوالے سے جو ویڈیو وائرل کی جارہی ہے وہ شہر دیوبند کے معزز افراد کی اعلی افسران کے ساتھ شہر دیوبند امن وامان باقی رکھنے کے سلسلے میں ایک مشاورتی میٹنگ تک محدود تھی جس میں باہمی گفت وشنید کو میری حتمی رائے مان کر یہ تاثر دینا کہ دارالعلوم دیوبند خواتین کی اس تحریک کو ختم کرانا چاہتا ہے، سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔‘‘ بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔

قاسم نعمانی کا بیان ان الفاظ پر ختم ہوتا ہے، ’’واضح کیا جاتا ہے کہ دارالعلوم دیوبند نے احتجاجی مظاہرے ختم کرنے کی کوئی اپیل جاری نہیں کی ہے۔ ہم تمام پرامن جدوجہد کرنے والوں کے حق میں دعاگو اور ان کی کامیابی کے متمنی ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔