نتیش کمار کی بہار کے نویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف برداری، حلف لیتے ہی راج بھون میں گونجا ’جے شری رام‘

بہار میں جاری سیاسی اتھل پتھل کے درمیان نتیش کمار نے ریاست کے نویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ ان کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے سنہا نے بھی حلف لیا

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار میں جاری سیاسی اتھل پتھل کے درمیان نتیش کمار نے ریاست کے نویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ ان کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے سنہا نے بھی حلف لیا۔ اس کے علاوہ متعدد وزرا نے بھی حلف اٹھا لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نتیش کمار نے نئی وزارتی کونسل تشکیل دینے میں متعدد ذاتوں کو توجہ دی ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق راج بھون کے راجندر ہال میں منعقدہ حلف برداری تقریب کے دوران گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر نے نتیش کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ نتیش کے حلف لیتے ہی بہار میں ایک مرتبہ پھر این ڈی اے کی حکومت برسراقتدار ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق حلف لیتے ہی راج بھون ’جے شری رام‘ کے نعرے سے گونج اٹھا۔


قبل ازیں، نتیش کمار نے کئی روز سے جاری قیاس آرائیوں کی تصدیق کرتے ہوئے اتوار کے روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ نتیش کے استعفیٰ کے ساتھ ہی بہار کی 17 ماہ پرانی عظیم اتحاد کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا۔ استعفیٰ دینے کے بعد نتیش کمار نے این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں میں شرکت کی، جہاں انہیں قائد منتخب کر لیا گیا۔ اس کے بعد نتیش کمار دوبارہ گورنر کے پاس پہنچے اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ نتیش نے گورنر کو بی جے پی اور جیتن رام مانجھی کی قیادت والی ہندوستانی عوامی مورچہ کا حمایتی خط سونپا۔

استعفیٰ دینے سے پہلے نتیش کمار نے جے ڈی یو کے ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس کے دوران کہا کہ اب ایک ساتھ رہنا مشکل ہے اور استعفیٰ دینے کا وقت آ گیا ہے۔ نتیش کمار نے کہا، ’’میں طویل عرصے سے کسی بھی چیز پر تبصرہ نہیں کر رہا ہوں کیونکہ عظیم اتحاد میں چیزیں ٹھیک نہیں تھیں۔ میں اپنے پارٹی کارکنوں سمیت ہر کسی سے رائے اور مشورے لے رہا تھا۔ میں نے ان سب کی بات سنی اور آج استعفیٰ دے دیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔