نتیش کمار کی 10ویں بار بطور وزیراعلیٰ حلف برداری، وزیراعظم مودی تقریب میں کریں گے شرکت
نتیش کمار آج 10ویں بار وزیراعلیٰ کا حلف لیں گے۔ تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی سمیت کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے۔ این ڈی اے نے 243 میں سے 202 نشستیں جیت کر حکومت بنائی ہے

پٹنہ: جنتا دل یونائیٹڈ کے سینئر رہنما نتیش کمار آج اپنی 10ویں مدت کے لیے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ حلف برداری کی یہ تقریب صبح 11:30 بجے راج بھون، پٹنہ میں منعقد ہوگی جس میں ملک کی اہم سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز این ڈی اے (قومی جمہوری اتحاد) کے نو منتخب ارکانِ اسمبلی نے ایک مشترکہ اجلاس میں نتیش کمار کو اپنا قائد منتخب کیا۔ اس اجلاس میں بی جے پی، جے ڈی یو، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، ہندستانی عوام مورچہ (سیکولر) اور آر ایل ایم کے نمائندے موجود تھے۔
این ڈی اے کی نئی حکومت نے حالیہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں جیت کر 243 رکنی اسمبلی میں 202 نشستیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کی ہے۔ ان میں جے ڈی یو کو 85، بی جے پی کو 89، ایل جے پی (آر) کو 19، ایچ اے ایم (سیکولر) کو 5 اور آر ایل ایم کو 4 نشستیں ملی ہیں۔
حلف برداری کے موقع پر نتیش کمار کے ساتھ سمراٹ چودھری اور وجے سنہا بطور ڈپٹی وزیراعلیٰ حلف اٹھائیں گے۔ اس فیصلے کو این ڈی اے کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جو نئی حکومت کے انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کی سمت کا تعین کرے گا۔
تقریب میں ملک کی اعلیٰ ترین قیادت شریک ہوگی۔ وزیراعظم نریندر مودی خصوصی طور پر پٹنہ پہنچیں گے۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، بی جے پی صدر جے پی نڈا اور دیگر مرکزی وزرا بھی موجود ہوں گے۔ مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی تقریب میں شرکت کریں گے، جن میں یوگی آدتیہ ناتھ (اتر پردیش)، موہن یادو (مدھیہ پردیش)، موہن چرن مانجھی (اوڈیشہ)، بھجن لال شرما (راجستھان)، پرمود ساونت (گوا)، دیویندر فڈنویس (مہاراشٹر)، ریکھا گپتا (دہلی)، ہیمنت بسوا شرما (آسام)، پشکر سنگھ دھامی (اتراکھنڈ)، چندرابابو نائیڈو (آندھرا پردیش) اور مانک سہاہا (تریپورہ) شامل ہیں۔
گزشتہ شام نتیش کمار نے ریاست کے گورنر عارف محمد خان سے ملاقات کی اور نئی حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔ اس ملاقات میں این ڈی اے کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ گورنر نے این ڈی اے کے اکثریتی دعوے کو قبول کرتے ہوئے نتیش کمار کو حکومت بنانے کی دعوت دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔