’اپوزیشن متحد ہو تو ملک کا بھلا ہوگا‘، نتیش کمار نے دہلی میں کی شرد پوار سے ملاقات

دہلی دورہ پر نتیش کمار اب تک راہل گاندھی، اروند کیجریوال اور سیتارام یچوری جیسے لیڈروں سے ملاقات کر چکے ہیں، حالانکہ نتیش کمار کا کہنا ہے کہ ان کے لیے وزیر اعظم عہدہ کا چہرہ بننا اہم نہیں ہے۔

نتیش کمار اور شرد پوار
نتیش کمار اور شرد پوار
user

قومی آوازبیورو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار 2024 کے لوک سبھا انتخاب کے لیے اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کے مقصد سے گزشتہ 3 دنوں سے دہلی میں ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں۔ اسی ضمن میں نتیش کمار نے آج این سی پی چیف شرد پوار سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔ پوار سے ملنے کے بعد نتیش کمار نے کہا کہ ہماری ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے۔ بی جے پی کوئی کام نہیں کر رہی ہے، اس لیے زیادہ سے زیادہ اپوزیشن کا متحد ہونا ضروری ہے۔ اگر سبھی اپوزیشن پارٹیاں متحد ہوتی ہیں تو یہ ملک کے لیے بھلا ہوگا۔

واضح رہے کہ شرد پوار بھی اس کے پہلے اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کی کوشش کر چکے ہیں۔ انھوں نے حال ہی میں کہا تھا کہ بی جے پی چھوٹی اور اپنی ساتھی پارٹیوں کو دھیرے دھیرے ختم کر رہی ہے۔ مہاراشٹر میں شیوسینا کے ساتھ بھی یہی کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شرد پوار نے بھی سبھی پارٹیوں سے بی جے پی کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔


پیر کے روز تین روزہ دہلی دورے پر پہنچے نتیش کمار این سی پی سربراہ شرد پوار سے قبل راہل گاندھی، اروند کیجریوال اور سیتارام یچوری سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔ حالانکہ نتیش کمار کا کہنا ہے کہ ان کے لیے وزیر اعظم عہدہ کا چہرہ بننا اہم نہیں ہے۔ اپوزیشن کی سبھی پارٹیاں متحد ہو جائیں، یہی ان کی کوشش ہے۔ اپنے دہلی دورہ کے دوران نتیش کمار نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ اگر ان کے دہلی دورہ کو دیکھا جائے تو 2024 کے انتخاب کے لیے سبھی پارٹیاں متحد ہوتی نظر آ رہی ہیں، لیکن راہل گاندھی اور ممتا بنرجی جیسے سرکردہ لیڈران کے سامنے نتیش کمار کی قیادت میں اپوزیشن پارٹیاں متحد رہ پائیں گی یا نہیں، یہ دیکھنے والی بات ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔