اسمبلی الیکشن سے قبل نتیش کمار کو جھٹکا، شیام رجک آر جے ڈی میں شامل

بہار کے سابق وزیر شیام رجک کی 9 سال بعد آر جے ڈی میں واپسی ہوئی ہے۔ رجک کو تیجسوی یادو نے پٹنہ میں رابری دیوی کی رہائش پر پیر کے روز آر جے ڈی کی رکنیت دلائی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

بہار اسمبلی الیکشن سے قبل ایک بڑی سیاسی ہلچل دیکھنے کو ملی ہے۔ بہار کے سابق وزیر شیام رجک کی 9 سال بعد راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) میں واپسی ہوئی ہے۔ شیام رجک کو تیجسوی یادو نے پٹنہ میں رابڑی دیوی کی رہائش پر پیر کے روز آر جے ڈی کی رکنیت دلائی۔ آر جے ڈی کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد شیام رجک نے کہا کہ انھوں نے سماجی انصاف کی لڑائی کبھی نہیں چھوڑی ہے، آج بھلے ہی بڑے بڑے بیان دیئے جا رہے ہوں لیکن بہار میں کہیں کچھ بھی نہیں ہوا۔ اپنی گھر واپسی پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ "بہار میں آج دلتوں کے ساتھ دھوکہ ہو رہا ہے اور اس کے خلاف آواز اٹھانا ضروری ہے۔"

شیام رجک نے میڈیا کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے عہدہ کوئی معنی نہیں رکھتا۔ وہ کہتے ہیں کہ "جے ڈی یو کے پہلے آر جے ڈی میں بھی وزیر رہا تھا۔ میرے لیے کبھی بھی عہدہ معنی نہیں رکھتا۔" انھوں نے جے ڈی یو سے نکالے جانے کو غلط ٹھہراتے ہوئے کہا کہ جو پارٹی خود کے آئین کو محفوظ نہیں رکھ سکتی، اس سے کیا امید کی جا سکتی ہے۔ شیام رجک نے کہا کہ جنتا دل یو میں اب بھی کئی لوگ پریشان ہیں اور مزید کچھ وزراء آر جے ڈی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ "آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا؟"


اِدھر شیام رجک کے آر جے ڈی میں شامل ہونے پر تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ اپنے پرانے گھر میں لوٹ آئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ "جس طرح حکومت چل رہی ہے، اس میں عوامی نمائندوں کی عزت ہی نہیں رہ گئی ہے۔ افسرشاہی پوری طرح حاوی ہے۔"

قابل ذکر ہے کہ اتوار کے روز شیام رجک کو جنتا دل یو سے نکال دیا گیا تھا۔ آر جے ڈی حکومت میں وزیر رہے شیام رجک 2009 میں آر جے ڈی چھوڑ کر جنتا دل یو میں شامل ہوئے تھے۔ لالو پرساد کے قریبی لیڈروں میں شمار کیے جانے والے رجک 2010 میں جنتا دل یو کی ٹکٹ پر اسمبلی الیکشن جیت کر پھر سے وزیر بنے۔ بہار میں الیکشن کے ٹھیک پہلے ریاست میں دلت چہرہ مانے جانے والے رجک کا جنتا دل یو چھوڑنا پارٹی کے لیے ایک بڑا جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Aug 2020, 5:58 PM
/* */