نتیش کمار کی مبینہ طور پر قومی ترانے کی بے حرمتی پر ہنگامہ، اپوزیشن کا معافی کا مطالبہ
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قومی ترانے کے دوران بات چیت کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس پر اپوزیشن نے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو نے ان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے

سوشل میڈیا
پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قومی ترانے کے دوران اپنے پرنسپل سیکریٹری دیپک کمار سے گفتگو کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔ ویڈیو میں نتیش کمار کو قومی ترانے کے دوران دیپک کمار کو بار بار مخاطب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ دیپک کمار انہیں خاموش رہنے اور محتاط ہونے کا اشارہ کر رہے تھے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے اس پر سخت اعتراض کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی رہنما رابڑی دیوی نے نتیش کمار سے اسمبلی میں معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ اس معاملے پر اپوزیشن کے احتجاج کے سبب بہار اسمبلی اور قانون ساز کونسل کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ نتیش کمار نے نہ صرف قومی ترانے کی بے حرمتی کی بلکہ یہ عمل بی جے پی-جے ڈی یو اتحاد کی اجتماعی منظوری کے ساتھ ہوا، جو پورے ملک کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ تاریخ میں شرمندگی کے طور پر درج ہو چکا ہے۔
دوسری جانب بی جے پی اور جے ڈی یو نے ان الزامات کو مسترد کر دیا۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر نے کہا کہ کوئی بے حرمتی نہیں ہوئی، اپوزیشن صرف سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے یہ معاملہ اچھال رہی ہے۔
جے ڈی یو کے رہنما نیرج کمار نے نتیش کمار کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک آزادی پسند خاندان کے فرد ہیں اور انہیں محب وطن ہونے کا کسی سے سند لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار سے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔