نظم و نسق کی بگڑتی صورت حال سے نتیش کمار پریشان، 20 دنوں میں دوسری بار کی جائزہ میٹنگ

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار میں نظم نسق کی خراب صورتحال پر افسران کو پھٹکار لگائی اور کہا حالات کو جلد از جلد بہتر بنایا جائے ورنہ لاپروائی برتنے والے پولس عملوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے منگل کے روز ریاست میں نظم ونسق کی بگڑتی صورتحال کو لیکر پولس افسران کو سخت پھٹکار لگاتے ہوئے لاپرواہی برتنے والے پولس عملوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت دی۔

نتیش کمار نے انے مارگ واقع نظم ونسق سے متعلق بیس دنوں کے اندر دوسری مرتبہ جائزہ میٹنگ کی اور ریاست میں جرائم کے بڑھتے واقعات پر سخت رخ اپناتے ہوئے ریاست کے پولس ڈائریکٹر جنرل گپتیشور پانڈے کو ہدایت دی کہ جو بھی پولس افسر یا ملازم نظم ونسق کے معاملے میں کوتاہی کر رہے ہیں نشان زد کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے سنیئر پولس افسران کو ہر حال میں نظم ونسق کو چست درست بنائے رکھنے کی ہدایت دی۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ جرائم کنڑول کے لئے پولس گشت مسلسل کرتے رہنے اور سبھی گشتی گاڑیوں میں گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) تکنیک کا استعمال کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سبھی تھانوں کی اسٹیشن ڈائری مینٹین رکھنے، تھانوں میں کمپیوٹر، ڈاٹا آپریٹر اور انٹر نیٹ لگانے کا کام تیزی سے کرانے، ہر ایک تھانے میں لینڈ لائن فون کی دستیابی کو یقینی بنانے اور نظم ونسق کو درست بنائے رکھنے کے لئے دیگر ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی شاخ کے بہتری سے پولس کاموں کے معیار میں مزید سدھار آئے گا۔

اجلاس میں جرائم کنٹرول کے لئے تھانوں میں گاڑیوں کی دستیابی، زیر التوا وارنٹ اور قرقی ضبطی کو جلد ازجلد نمٹانے اور تھانہ سطح پر نظم ونسق اور تحقیق علیحدگی پر غوروخوض کیا گیا۔ جن تھانوں کی عمارت نہیں ہے ان کے لئے زمین کا انتخاب، زمینی تنازعہ اور اس سے متعلق نظم ونسق اور تھانوں کیلئے ریوالنگ فنڈ کی بھی جانکاری دی گئی۔ ساتھ ہی اجلاس میں تھانہ وار جرائم تجزیہ، تحقیقی معیار اور ٹریننگ ڈیولپمنٹ، اسپیشل برانچ کی بہتری اور از سرنو تشکیل کیلئے عہدوں کی تخلیق پر بھی غوروخوض کیا گیا۔


نتیش کمار نے نظم ونسق کے ساتھ منشیات سے متعلق بھی جائزہ میٹنگ کی۔ اس دوران منشیات کی اسمگلنگ کے لئے انٹیلی جنس معلومات اکٹھا کر کے ان پر کی جا رہی کاروائیوں کے بارے میں معلومات دی گئی۔ ساتھ ہی مالی جرائم سے متعلق معاملات پر بھی اجلاس میں تذکرہ ہوا۔

وزیراعلیٰ نے اس دوران کہا کہ ”ریاست میں شراب بندی کو مزید مؤثر اور کارگر ڈھنگ سے نافذ کرنے کیلئے سب کو جذباتی نقطہ نظرکے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ شراب کی غیر قانونی تجارت کی جانچ میں جو گاڑیاں پکڑی گئی ہیں ان گاڑیوں کی صورتحال کیا ہے اور کس کی گاڑی ہے ٹھیک طریقے سے پتہ کرنے سے اس تجارت کے مختلف نکات کو سمجھنے میں آسانی ہوگی۔


نتیش کمار نے کہا کہ تھانیدار سے لیکر پولس سپرنٹنڈنٹ سطح کے افسران اس کے لئے خصوصی طور سے چوکس رہیں۔ دیسی اور بدیسی شراب کے کاروباریوں کو پکڑنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور اس کے لئے مستعد رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن پولس افسران کی شراب کے کاروباریوں کے ساتھ ملی بھگت ہو ان کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شراب بندی سے سماج میں کافی تبدیلی آئی ہے۔ اگر یہاں کے افسر اور یہاں کے لوگ شراب بندی کو ختم کرنے کیلئے جذباتی طور پر اس کے پیچھے لگ جائیں تو یہ بہت ہی موثر ہوگا اور ملک میں مثال بنے گا۔ اس کے لئے سبھی کو ترغیب دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2016 کے بین الاقوامی ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ، جو سال 2018 میں شائع ہوئی تھی اس میں یہ بتایا گیا تھا کہ جتنی اموات ہوتی ہیں ان میں سے 5.3 فیصد اموات شراب پینے کی وجہ سے ہی ہوتی ہیں۔ 20 سے 39 عمر کے لوگوں کی ہونے والی اموات میں سے 13.5 فیصد شراب پینے سے ہوتی ہے۔ یہ لوگوں کو بتانے کی ضرورت ہے جس سے لوگ ہوشیار ہو سکیں۔ شراب بندی سے لوگوں کا پیسہ بچا ہے جس کا استعمال وہ اپنے دیگر کاموں کیلئے کر رہے ہیں۔ شراب بندی کے بعد ریاست میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔


اجلاس میں ایکسائز محکمہ کے وزیر ویجندر پرساد یادو، چیف سکریٹری دیپک کمار، محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری عامر سبحانی، پولس ڈائریکٹر جنرل گپتیشور پانڈے، پولس ڈائریکٹر جنرل کم بھون نرمان نگم کے مینجنگ ڈائریکٹر سنیل کمار، وزیراعلیٰ کے سکریٹری منیش کمار ورما اور انوپم کمار، جرائم ریسرچ محکمہ ( سی آئی ڈی) کے پولس ڈائریکٹر جنرل ونے کمار، پولس ڈائریکٹر جنرل (ہیڈکوارٹر) اے کے سنگھل، ایڈیشنل پولس ڈائریکٹر جنرل (اے ڈی جی) بھرگو شری نواسن، اے ڈی جی اسپیشل شاخ جے ایس گنگوار، اے ڈی جی (ہیڈکوارٹر) جتندر کمار، اے ڈی جی (نظم ونسق) امت کمار، پولس انسپکٹرجنرل ( آئی جی) ہیڈکوارٹر نیئر حسنین خان، وزیراعلیٰ سکریٹریٹ کے ایڈیشنل سکریٹری چندر شیکھر سنگھ ، وزیراعلیٰ کے اسپیشل ایکزیکٹیو افسر گوپال سنگھ کے علاوہ ریاستی پولس ہیڈکوارٹر کے دیگر سنیئر افسران موجود تھے۔

غور طلب ہے کہ اس سے پہلے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے سات جون کو نظم ونسق سے متعلق اعلیٰ افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی تھی۔ اس میں انہوں نے کہا تھا کہ بہار کے سبھی آئی جی اور پولس ڈپٹی انسپکٹر جنرل ( ڈی آئی جی) اب مہینے میں 10 دن فیلڈ میں رہیں گے۔ سب ڈیژنوں میں خود جانچ کرنے کے ساتھ رات میں قیام کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Jun 2019, 10:10 AM