نتیش نے یوم آزادی پر ٹیچروں کو دیا تحفہ، اب ای پی ایف کا بھی ملے گا فائدہ

وزیراعلی نتیش کمار نے اعلان کیا کہ گرام پنچایتوں میں نو تشکیل شدہ ہائی سیکنڈری اسکولوں میں 33 ہزار 916 ٹیچروں کی تقرری کے اشتہار بھی جلد جاری ہوں گے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نے یوم آزادی کے موقع پر پنچایت اور بلدیاتی ٹیچروں کے لئے نئی سروس شرطیں نافذ کیے جانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب ان ٹیچروں کو ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف) کا بھی فائدہ دیا جائے گا۔ کمار نے ہفتے کو 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر تاریخی گاندھی میدان میں پرچم کشائی کرنے کے بعد ریاست کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ اور پنچایت ٹیچروں کو بہتر سروس شرائط کے لئے نئے اصول بنائے جا رہے ہیں۔ اسے جلد ہی نافذ کیا جائے گا۔اس میں ان ٹیچروں کو ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ کا بھی فائدہ دیا جائے گا۔

وزیراعلی نے اعلان کیا کہ گرام پنچایتوں میں نو تشکیل شدہ ہائی سیکنڈری اسکولوں میں 33ہزار 916 ٹیچروں کی تقرری کے اشتہار بھی جلد جاری ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ 4000 یونیورسٹی - کالج ٹیچروں کی تقرری کے لئے ایک ماہ کے اندر یونیورسٹی گرانٹ کمیشن کو درخواست بھیج دی جائے گی۔ ان کی تقرری کے لئے بنے اصولوں میں بھی ضروری ترامیم کی جائیں گی۔


نتیش کمار نے کہا کہ ریاست میں 4997 نرسوں اور چار ہزار ڈاکٹروں کے علاوہ فارماسسٹ اور سینیٹری افسروں کی تقرری بھی جلد کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی بہترین کارکردگی کرنے والے 250 کھلاڑیوں کی تقرری بھی جلد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا انفیکشن سے ٹھیک ہونے کے بعد پلازما ڈونیشن کرنے پر ہر ایک کو 5000 روپے کی امدادی رقم دی جائےگی۔

وزیراعلی نے کہا کہ نئی صنعتی فروغ پالیسی کے تحت 50-50 لاکھ روپے کی رقم ضلعوں میں مہیا کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لکڑی پر مبنی صنعتوں کی ترقی کے لئے الگ مراعات دی جائیں گی، جلد اس کی پالیسی بھی تیار کی جائے گی۔ کمار نے کہا کہ ان کی حکومت کے دور میں تعلیم اور صحت کے میدان میں بہت کام ہوا ہے۔ حکومت کی کاوشوں کا نتیجہ یہ ہے کہ سال 2019 میں میٹرک کے دوران لڑکیوں کی تعداد لڑکوں کی نسبت زیادہ ہوگئی۔


انہوں نے کہا کہ 2011 کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کی آبادی کی کثافت 380 کے قریب ہے جبکہ بہار کی آبادی 1100 سے زیادہ ہے۔ پہلے فرٹیلیٹی ریٹ 4.3 تھی جو اب کم ہوکر 3.2 ہوگئی ہے۔ جب جائزہ لیا گیا تو دیکھا گیا کہ شوہر یا بیوی میں کوئی ایک تعلیم یافتہ ہے تو فرٹیلیٹی ریٹ کم ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */