’زبان پر رام، دماغ میں ناتھو رام، تبھی تو بنا پلٹو رام‘: لالو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت رامانوج آچاریہ کی یوم پیدائش تقریب میں شرکت کریں گے

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار جو آر ایس ایس کے نظریات اور اس کے سربراہ موہن بھاگوت کے خلاف بولتے رہے ہیں، اب بہت بدل سے گئے ہیں۔ اس تبدیلی کو لوگ اسی وقت سے محسوس کرنے لگے ہیں جب سے انھوں نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد قائم کر بہار میں حکومت تشکیل دی۔اب خبر یہ ہے کہ جلد نتیش کمار اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت ایک ہی تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہ تقریب بہا رکے بھوجپور ضلع کے چندوا میں رامانوج آچاریہ کے 1000ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ہونے والی ہے۔ اس موقع پر گزشتہ کئی دنوں سے وہاں ایک پوجا ہو رہی ہے اور بدھ یعنی 4 اکتوبر کو اس کا اختتام ہونا ہے۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے اس تقریب میں نتیش کمار اور بھاگوت دونوں کی شرکت کی خبر پر طنز کرتے ہوئے دلچسپ ٹوئٹ بھی کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’منھ میں رام، دماغ میں ناتھو رام، تبھی تو بنا پلٹو رام‘‘۔

قابل ذکر ہے کہ جنتا دل یو کا ایک بار پھر سے این ڈی اے کا حصہ بننے کے بعد آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت 4 اکتوبر یعنی بدھ کو پٹنہ پہنچیں گے اور اسی دن انھیں آرہ میں رامانوج سوامی مہاراج کی 1000ویں یوم پیدائش میں شامل ہونا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو بھی اس تقریب میں بدھ کے روز ہی شامل ہونا ہے۔ اس طرح نتیش کمار کے ساتھ ساتھ موہن بھاگوت بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ حالانکہ تقریب کا جو خاکہ تیار ہوا ہےاس کے مطابق دونوں کا آمنا سامنا نہیں ہوگا، لیکن دونوں لیڈروں کے ایک ہی تقریب میں شرکت کرنے سے لوگوں میں چہ می گوئیاں ضرور شروع ہو گئی ہیں۔

پروگرام کے مطابق آر ایس ایس موہن بھاگوت بدھ کی صبح 10 بجے پٹنہ ائیر پورٹ پہنچیں گے اور اس کے بعد وہ سیدھے آرہ کے چندوا گاؤں کے لیے روانہ ہوں گے جہاں پر انھیں رامانوج سوامی مہاراج کی 1000ویں یوم پیدائش تقریب میں حصہ لینا ہے۔ لیکن وزیر اعلیٰ نتیش کمار اس تقریب میں شامل ہونے کے لیے بدھ کی صبح 11 بجے آرہ کے چندوا گاؤں پہنچیں گے۔ موہن بھاگوت کو اس تقریب میں شام تقریباً 4 بجےشام میں شریک ہونا ہے۔ اس طرح دونوں کی ملاقات ممکن نظر نہیں آ رہی۔

دوسری طرف میڈیا رپورٹوں کے مطابق ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نتیش کمار ہیلی کاپٹر سے جائیں گےا ور تعمیرات سڑک کے وزیر نند کشور یادو ان کے ساتھ ہوں گے۔ نند کشور یادو نے اس تقریب میں دونوں لیڈروں کی موجودگی کی تصدیق بھی کی ہے اور کہا ہے کہ موہن بھاگوت کی آمد کے مدنظر آر ایس ایس لیڈران اور کارکنان ان کے استقبال کی تیاری میں مصروف ہیں۔ نتیش کمار تو اس تقریب میں شرکت کے بعد فوراً پٹنہ واپس آ جائیں گے، لیکن موہن بھاگوت کا ایک دن کے قیام کا منصوبہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شام میں وہ کچھ دانشوروں کے ساتھ کارکنان سے بھی خطاب کریں گے۔

اس تقریب کے علاوہ موہن بھاگوت اسی جگہ منعقد ہو رہے بین الاقوامی مذہبی مہا سمیلن میں بھی شرکت کریں گے۔ موہن بھاگوت 5 اکتوبر کو آرہ کے ہی چندوا گاؤں میں آر ایس ایس دفتر کی بنیاد رکھیں گے۔ اسی دن وہ واپس پٹنہ لوٹ جائیں گے اور وہاں سے دہلی کے لیے روانگی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Oct 2017, 4:08 PM