سری نگر ائیر پورٹ پر رن وے کی مرمت کے پیش نظر شبانہ پروازیں معطل

سری نگر ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کی رن وے پر مرمتی کام شروع ہونے کے پیش نظر ماہ فروری اور مارچ کے دوران جمعے، ہفتہ اور اتوار کی شبانہ پروازیں معطل رہیں گی

سری نگر ایئرپورٹ / ٹوئٹر
سری نگر ایئرپورٹ / ٹوئٹر
user

یو این آئی

سری نگر: سری نگر ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کی رن وے پر مرمتی کام شروع ہونے کے پیش نظر ماہ فروری اور مارچ کے دوران جمعے، ہفتہ اور اتوار کی شبانہ پروازیں معطل رہیں گی۔

متعلقہ اتھارٹی کے ایک ترجمان نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم ماہ فروری اور مارچ کے دوران پوری رن وے پر پولیمر موڈیفائیڈ ایملشن کا کام کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بیان میں کہا: ’پروازوں کے آپریشنز کے لئے رن وے کو مزید مستحکم بنانے کے لئے یہ مرمتی کام انجام دینا ضروری ہے اور یہ کام فروری اور مارچ کے ہر جمعے، ہفتے اور اتوار کی شام پانچ بجے سے اگلی صبح کے چھ بجے تک کیا جائے گا‘۔


موصوف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ کام صرف رات کے دوران ہی کیا جائے تاکہ پروازوں کے آپریشن میں کم سے کم رکاوٹ پیدا ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس بندش کے دوران چلنے والی پروازوں کو پانچ بجے شام سے قبل ہی ری شیڈول کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ائیر لائنز نے اپنے اپنے متاثرہ مسافروں کو پہلے ہی مطلع کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران رن وے پر صبح چھ بجے سے شام پانچ بجے تک ہی پروازیں آپریٹ کریں گی۔ بیان میں متاثرہ مسافروں سے گذارش کی گئی ہے کہ اگر انہوں نے فروری اور مارچ کے مہینوں میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی شام پانچ بجے کے بعد پروازیں بک کی ہیں تو وہ روانگی کے نظر ثانی شدہ اوقات کی تصدیق کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔