کورونا: بہار میں بھی نائٹ کرفیو کا اعلان، مندر-مسجد میں داخلہ ممنوع، دکانوں کو 8 بجے تک ہی کھولنے کی اجازت

بہار میں منگل کے روز کورونا کے 893 نئے معاملے سامنے آئے، راجدھانی پٹنہ میں سب سے زیادہ 565 کیسز درج کیے گئے، حالات مزید خراب نہ ہون اس لیے کئی طرح کی پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔

کورونا وائرس/ آئی اے این ایس
کورونا وائرس/ آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار میں کورونا وائرس کے معاملوں میں اضافہ کے بعد ریاستی حکومت نے نائٹ کرفیو لگانے کے ساتھ کئی طرح کی مزید پابندیوں کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ ریاست میں مندر-مسجد، سنیما ہال، پارک آئندہ حکم تک بند رہیں گے۔ ضروری خدمات کو چھوڑ کر سبھی دفاتر 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کریں گی۔ اس کے علاوہ پری-اسکول اور 1 سے 8ویں تک کے بچوں کے لیے اسکول بند رہیں گے اور آن لائن کلاسز ہوں گی۔ 9ویں سے 12ویں تک کے طلبا کے لیے کلاسز 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ چلیں گی۔

منگل کے روز دیر شام جاری حکم کے مطابق پورے بہار میں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نائٹ کرفیو رہے گا۔ سبھی عبادت گاہوں کو عام لوگوں کے لیے آئندہ حکم تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں سنیما ہال، جِم، پارک، کلب، اسٹیڈیم ور سوئمنگ پول پوری طرح سے بند رہیں گے۔ فی الحال یہ حکم 6 جنوری سے 21 جنوری تک کے لیے نافذ رہے گا۔


اس کے علاوہ حکم میں کہا گیا ہے کہ ضروری خدمات کو چھوڑ کر سبھی دکانیں اور ادارے رات 8 بجے تک ہی کھلے رہیں گے۔ ریسٹورینٹس، ڈھابہ کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کھولنے کی اجازت رہے گی۔ شادی کی تقریب میں زیادہ سے زیادہ 50 اشخاص اور کسی کے انتقال پر آخری رسومات میں زیادہ سے زیادہ 20 اشخاص شامل ہوں گے۔ سبھی سیاسی ور ثقافتی تقاریب میں زیادہ سے زیادہ 50 لوگوں کی اجازت دی گئی ہے۔

نتیش حکومت نے یہ سختی اس لیے دکھائی ہے کیونکہ ریاست میں کورونا کے معاملے گزشتہ کچھ دنوں میں تیزی کے ساتھ بڑھے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 893 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور راجدھانی پٹنہ میں سب سے زیادہ 565 معاملے درج کیے گئے ہیں۔ اس درمیان خبر ہے کہ نتیش کمار نے اپنی ’سماج سدھار یاترا‘ اور اپنا ہفتہ واری ’جنتا دربار‘ پروگرام بھی 21 جنوری تک ملتوی کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔