پلوامہ: علیحدگی پسندوں کے گھروں پر این آئی اے کی چھاپہ ماری

پلوامہ کے اونتی پورہ میں قومی تحقیقاتی ایجنسی یعنی این آئی اے نے پولس اور سی آر پی ایف کی مدد سے مدثر خان اور منظور ملک کے گھروں پر چھاپے مار کر تلاشی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سری نگر: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے بدھ کے روز اپنی چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ دوسرے دن بھی جاری رکھتے ہوئے جنوبی کشمیر میں 11 مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ ذرائع کے مطابق جموں کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں این آئی اے نے بدھ کے روز جیش محمد سے وابستہ بعض سرگرم ملی ٹنٹوں اور علیحدگی پسندوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ پولس ذرائع کے مطابق پلوامہ کے اونتی پورہ میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پولس اور سی آر پی ایف کی مدد سے مدثر خان اور منظور ملک کے گھروں پر چھاپے مار کر تلاشی کی۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسی نے مارہامہ کے سجاد احمد کے گھر بھی چھاپہ مارا۔

سجاد احمد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ پلوامہ خود کش دھماکے میں اُسی کی گاڑی استعمال کی گئی تھی۔ سجاد نے مبینہ طور پر 'جیش محمد' کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔ مدورہ کا رہنے والا منظور ملک 'جیش محمد' کا مبینہ اعانت کار ہے۔ وہ اس وقت پولس حراست میں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے گذ شتہ روز حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق اور لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک سمیت کئی علیحدگی پسند رہنماؤں کی رہائش گاہوں پر بھی چھاپے مارے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔