تمل ناڈو اور تلنگانہ میں 31 مقامات پر این آئی اے کی چھاپہ ماری، قابل اعتراض مواد برآمد

این آئی اے کے مطابق آئی ایس آئی ایس کی بھرتی مہم اور اس کے مستقبل کے منصوبوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے ہفتہ کے روز تمل ناڈو اور تلنگانہ میں 31 مقامات پر چھاپہ ماری کی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، سوشل میڈیا</p></div>

علامتی تصویر، سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

جنوبی ہند کی ریاستوں تمل ناڈو اور تلنگانہ میں این آئی اے نے آج 31 مقامات پر چھاپہ ماری کی۔ اس چھاپہ ماری میں دہشت گردی سے متعلق قابل اعتراض مواد برآمد ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس سے متاثر بھرتی مہموں کو ناکام کرنے کے لیے جانچ ایجنسی نے یہ چھاپہ ماری کی تھی۔ چھاپہ ماری کے دوران برآمد مواد سے پتہ چلتا ہے کہ آئی ایس آئی ایس ہندوستان بھی معصوم نوجوانوں کو گمراہ کر انھیں کٹر پسندی کے راستے پر لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

این آئی اے کے مطابق آئی ایس آئی ایس کی بھرتی مہم اور اس کے مستقبل کے منصوبوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے ہفتہ کے روز تمل ناڈو اور تلنگانہ میں 31 مقامات پر چھاپہ ماری کی گئی۔ چھاپہ ماری میں ملکی و غیر ملکی کرنسی کے ساتھ ساتھ کئی ڈیجیٹل اشیا اور دستاویزات برآمد کیے گئے ہیں۔ دہشت گردی مخالف ایجنسی نے تمل ناڈو اور تلنگانہ میں موبائل فون، لیپ ٹاپ اور ہارڈ ڈسک برآمد کی ہے۔ اس میں موجودہ ڈاٹا کی جانچ کی جا رہی ہے۔ تلاشی کے دوران ہندوستانی کرنسی میں 60 لاکھ روپے اور 18200 امریکی ڈالر کے علاوہ مقامی اور عربی زبانوں میں کئی قابل اعتراض کتابیں بھی ضبط کی گئی ہیں۔


موصولہ خبروں کے مطابق کوئمبٹور میں 22 مقامات پر، چنئی میں 3 مقامات پر اور تمل ناڈو کے تینکاسی ضلع کے کدیانلور میں ایک مقام پر چھاپہ ماری کی گئی ہے۔ دیگر پانچ مقامات پر تلنگانہ ریاست کے حیدر آباد/سائبر آباد میں چھاپے مارے گئے ہیں۔ این آئی اے چنئی کے ذریعہ آئی پی سی کی دفعہ 120 بی، 121 اے اور غیر قانونی سرگرمی (روک تھام) ایکٹ، 1967 کی دفعہ 13، 18، 18 بی کے تحت درج معاملے کے تحت یہ کارروائی ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔