اہم خبریں: ادھیر رنجن چودھری نے چین پر ڈیجیٹل جارحیت میں ملوث ہونے کا لگایا الزام

چین ڈیجیٹل جارحیت میں ملوث ہے: ادھیر رنجن چودھری
نئی دہلی: لوک سبھا میں کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کہا ہے کہ چین ڈیجیٹل جارحیت میں ملوث ہے جس کی وجہ سے ہماری قومی سلامتی تار تار ہورہی ہے مسٹر چودھری نے بدھ کے روز لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کہا کہ انہوں نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سے چین کی اس نئی ذہنیت کی مخالفت کرنے اور اس پر قابو پانے کی درخواست کی۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کو سیاق و سباق میں اس مسئلے کی وضاحت کرنی چاہئے اور اس موضوع پر ایوان میں بیان دینا چاہئے۔ اس سے قبل، کانگریس قائد نے چین کے معاملے پر لوک سبھا میں التوا تحریک کا نوٹس دیا تھا۔
ہماچل میں کھلے بار، اب پھر چھلکیں گے جام
شملہ: ہماچل پردیش میں تقریباً چھ ماہ بند رہنے کے بعد آج بار کھل گئے اور اس طرح ریاست میں اب پھر جام چھلکیں گے، لیکن اس دوران مرکزی وزارت داخلہ کے ذریعہ مقرر کردہ تمام رہنما خطوط اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) پیروی کرنا پڑے گی۔ ایک سرکاری ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ معاشرتی فاصلے پر عمل اور سینیٹائزر کا استعمال نہ کرنے کی صورت میں شراب فروخت نہیں کی جائے گی۔ مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایات کے مطابق بار کے داخلی راستے پر تھرمل اسکریننگ ، ہاتھ دھونے اور سینیٹائزر رکھنا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ تمام اہلکاروں کی انفلوئنزا علامات کی باقاعدہ اسکریننگ کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ریاست میں بار کھولنے کا فیصلہ کابینہ کی میٹنگ میں کیا گیا تھا۔
آپسی رنجس میں سابق مکھیا کا پیٹ۔پیٹ کر قتل
شیوہر: بہار میں شیوہر ضلع کے پپراہی تھانہ علاقہ میں آپسی تنازعہ میں سابق مکھیا کا پیٹ۔پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ شیوہر کے سب ڈویژنل پولیس افسر راکیش کمار نے یہاں بتایاکہ للوا گاﺅں باشندہ سابق مکھیا ناگیندر کنور (68) منگل کی دیر شام اپنے دروازے پر بیٹھے ہوئے تھے۔ اسی دوران سابق مکھیا کا اس کے پڑوسی نیرج کنور اور دگ وجے کنور سے برآمدے کے فرش بنانے پر تنازعہ ہوگیا۔ تنازعہ بڑھ جانے پر دونوں پڑوسیوں نے سابق مکھیا کو پیٹ۔ پیٹ کر زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے۔
پولیس ہیڈ کوارٹر میں خاتون کانسٹبل کے ساتھ چھیڑ خانی
کلکتہ: مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کے پولیس ہیڈ کوارٹر میں خاتون کانسٹبل کے ساتھ چھیڑ خانی اور جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہوم گارڈ نے اس حرکت کا ارتکاب کیا ہے۔ خاتون کانسٹبل اس واقعے سے تنگ آکر خودکشی کی بھی کوشش کی۔ ملزم ہوم گارڈ کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس مالدہ حسن مہدی رحمان نے بتایا کہ اس معاملے میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ خاتون کانسٹیبل کوچ بہار کی رہائشی ہے۔ ہوم گارڈ مالدہ کے مانیک چک کے رہنے والے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سوموار کو خاتون کانسٹبل کے بیرک میں ہوم گارڈ داخل ہوگیا اور منع کرنے پر خاتون کانسٹبل کے ساتھ بدسلوکی اور جنسی طور پر ہراساں کرنے لگا۔ خواتین کانسٹیبلوں کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی۔ اس کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔ اس معاملے میں تحریری شکایت دی گئی ہے اور مالدہ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا اینڈ آرڈر شوبتوش سرکار کو واقعے کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
فلوریڈا میں سیلی طوفان کے نتیجے میں ایمرجنسی نافذ
نیو یارک: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے تباہ کن سیلی سمندری طوفان کے نتیجے میں فلوریڈا کے ساحل پر براہ راست ٹکرانے اور بڑے پیمانے پر جانی نقصان کے اندیشے کے پیش نظر ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی پریس سکریٹری جوڈ ڈیری نے بدھ کے روز ٹوئٹ کیا کہ کئی دنوں سےامریکی ساحل پر لوگوں کو طوفانی سیلی سے بچانے کے لئے کئی دنوں سے ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈیری نے کہا ، "صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا ہے اور ریاستی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ وہ تباہی کے وقت مقامی اور قبائلی برادری کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے۔" قومی سمندری طوفان مرکز (این ایچ سی) نے منگل کے روز انتباہ دیا تھا کہ طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوسکتی ہے۔ یہ تین ہفتوں میں خلیج میکسیکو کے امریکی ساحل پر پیدا ہونے والا دوسرا شدید طوفان ہے۔ بڑے پیمانے پر جان و مال کے نقصان کا خطرہ ہے۔
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور چدمبرم نے راجیہ سبھا سے لی چھٹی
نئی دہلی: سابق وزیراعظم من موہن سنگھ ، سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم اور کئی دیگر اراکین نے صحت وجوہات سے راجیہ سبھا کے 252 ویں اجلاس میں چھٹی لے لی ہے۔ چیئرمین ایم وینکئیا نائیڈو نے بدھ کو ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر یہ اطلاع دی۔ منموہن سنگھ ، چدمبرم، کانگریس لیڈر آسکر فرنانڈیز، اےآئی اے ڈی ایم کے کے اے نونیت کرشنن، عام آدمی پارٹی کے سشیل کمار گپتا، تلنگانہ راشٹر سمیتی کے بندا پرکاش، ترنمول کانگریس کے مانس رنجن بھوئیاں اور ایک دیگر رکن مہیندر پرساد نے الگ الگ مدت کے لئے چھٹی لی ہے۔ نامزد رکن نریندر جادھو اور ایک دیگر رکن نے پورے اجلاس کے لئے چھٹی لی ہے۔
ٹریکٹر پارٹس کی دکان پر چھاپہ،62 لاکھ کی ٹیکس چوری کا انکشاف
دموہ: مدھیہ پردیش کے ضلع دموہ کے ہٹا تحصیل ہیڈکوارٹر پر واقع ایک ٹریکٹر پارٹس کی دکان پر سیلس ٹیکس محکمے کی ٹیم نے چھاپہ مارکر 62 لاکھ روپے کی ٹیکس چوری پکڑی ہے۔ سیلس ٹیکس محکمے کے اینٹی ایویزن بیورو ستما کے ریاستی ٹیکس افسر ایس کے ساکیت نے بتایا کہ ہٹا میں امت اگروال کی ٹریکٹر پارٹس کی تھوک اور فٹکر دکان پر کل چھاپہ مارنے کی کارروائی کی گئی، جس میں اسٹاک اور دستاویزوں کا جائزہ لینے پر 62 لاکھ 50 ہزار روپے کی ٹیکس چوری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں دکان دار کو چالان کے ذریعہ سے رقم جمع کیے جانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دکان دار کے ذریعہ ریٹرن بھرے جانے پر تین برس سے جی ایس ٹی ٹیکس کو غلط دکھایا گیا۔ جس پر لاکھوں کی ڈیمانڈ جانچ کے بعد سامنے آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپے کی کارروائی کل دیر شام تک چلی۔س
دہلی بی جے پی صدر آدیش گپتا کورونا سے متاثر
نئی دہلی: دہلی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) صدر آدیش گپتا کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے آج ٹوئٹ کیا،’پچھلے ہفتے ہلکا بخار ہونے کے بعد میں نے کووڈ ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ نیگیٹو تھی، مسلسل طبیعت اچھی محسوس نہ ہونے کی وجہ سے میں نے پھر سے کورونا ٹیسٹ کرایا جو پازیٹو آیا ہے۔ ویسے تو میں پچھلے ایک ہفتے سے قرنطینہ میں ہوں پھر بھی کوئی میرے رابطے میں آیا ہو تو وہ اپنی جانچ کرا لیں۔‘
چمبل میں کشتی ڈوبنے سے سات لوگوں کی موت
جےپور: راجستھان میں کوٹہ ضلع کے کھتولی تھانہ علاقے میں آج چمبل ندی میں ایک کشتی ڈوبنے سے سات لوگوں کی موت ہوگئی، جبکہ دیگر کی تلاش کی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ صبح کچھ لوگ چمبل ڈھیبری سے کشتی میں سوار ہوکر کر نیشور مہادیو مندر جارہے تھے کہ اچانک کشتی پلٹ گئی۔ اس سے کچھ لوگ تیر کر کنارے آگئے، جبکہ کچھ لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ کشتی میں خواتین سمیت قریب 35 لوگ سوار تھے۔ اب تک چار لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ موقع پر پولیس اور انتطامیہ کے افسر پہنچے ہیں، راحت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ تفصیل کا انتظار ہے۔
ایل او سی پر پاکستان کی کی جانب سے فائرنگ، ایک جوان شہید
جموں وکشمیر کے سندر بن سیکٹر میں ایل او سی پر 15 ستمبر کو پاکستان کی جانب سے ہوئی فائرنگ میں ہندوستانی فوج کی 16 کور بٹالین میں تعینات نائک انیش تھامس شہید ہوگئے تھے۔
یوشیہدے سوگا جاپان کے نئے وزیر اعظم منتخب، پی ایم مودی نے دی مبارک باد
یوشیہدے سوگا جاپان کے نئے وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں۔ قبل ازیں، جاپان کی حکمران جماعت نے وزیر کابینہ اور سابق وزیر اعظم شینزو ابے کے حامی یوشیہدے سوگا کو جماعت کا نیا سربراہ مقرر کر دیا تھا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق 71 سالہ یوشیہدے سوگا نے حکمران جماعت لیبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کی قیادت کے ووٹنگ میں بڑی کامیابی حاصل کی، جس کے بعد ان کے وزیراعظم بننے کے لیے راستہ ہموار ہو گیا۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے یوشیہدے سوگا کے جاپان کے نئے وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
خطہ مراٹھواڑہ میں کوروناوائرس سے مزید 49 ہلاکتیں
اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے خطہ مراٹھواڑہ کے 8 اضلاع میں کورونا وائرس کی زد میں آنے سے ایک دن میں مزید 49 افراد کی موت ہوگئی جبکہ اس جان لیوا وبا کے مزید 1656 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
یہ اطلاع بدھ کے روز افسران نےدی۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ضلع لاتوررہا جہاں کورونا کے299 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 10 افراد کی موت ہوگئی۔ اس کے بعد اورنگ آباد میں 406 کیسزاور نو ہلاکتیں ، عثمان آباد میں 226 نئے کیسز اور آٹھ ہلاکتیں ، ضلع بیڈ میں 116 نئے کیسز اور آٹھ ہلاکتیں، ضلع پربھنی میں 52 کیسز اور آٹھ ہلاکتیں،ضلع ناندیڑ میں 345 کیسز اورتین ہلاکتیں ، جالنہ میں 136 نئے کیسز اور دو اموات اور ضلع ہنگولی میں 25 نئے کیسز اور ایک شخص کی مہلک وبا کورونا سے موت ہوگئی۔
کورونا وائرس سے ایک دن میں سب سے زیادہ اموات، کیسز 50 لاکھ سے تجاوز
ملک میں کورونا وائرس کے اعداد میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 1290 اموات رپورٹ ہوئیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 90123 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ کیسز کی تعداد کے معاملہ میں ہندوستان امریکہ کے بعد دسرے مقام پر ہے اور یہاں مجموعی طور پر 5020359 لوگ کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ وہیں اموات کی مجموعی تعداد 82091 ہو چکی ہے۔
مرکزی وزیر رینوکا سنگھ کورونا پازیٹیو
مرکزی وزیر مملکت (قبائلی امور) اور چھتیس گڑھ کے سرگوجا سے ممبر پارلیمنٹ رینوکا سنگھ کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ محترمہ سنگھ نے خود یہ اطلاع منگل کو ٹویٹر پر دی۔
انہوں نے ٹویٹ کیا ’’پارلیمنٹ اجلاس کی کارروائی میں شرکت سے پہلے میں نے کورونا جانچ لازمی ہونے پر کووڈ ٹیسٹ کرایا، جس میں میری رپورٹ مثبت آئی حالانکہ میری صحت بالکل ٹھیک ہے‘‘۔ میں چھتیس گڑھ بھون میں ٹھہری تھی۔ میں اب ڈاکٹروں کے مشورے پر علاج کے لئے ایمس جارہی ہوں۔ انہوں نے اپنے رابطے میں آنے والے تمام لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی کورونا جانچ کروائیں اور خود کو کوارنٹائن کرلیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔