کانگریس صدر سونیا گاندھی کو ’نیشنل ہیرالڈ‘ ممبئی ایڈیشن تحفتاً پیش

نیشنل ہیرالڈ کی شروعات 1938 میں جواہر لال نہرو کے ذریعہ ہوئی تھی، نیشنل ہیرالڈ نے تحریک آزادی میں اہم کردار نبھایا ہے، برطانوی حکومت کے ذریعہ اس پر کئی بار پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ایسوسی ایٹیڈ جرنلس لمیٹڈ (اے جے ایل) کے سربراہ اور سابق مرکزی وزیر پون بنسل اور ’نیشنل ہیرالڈ گروپ‘ کی گروپ ایڈیٹوریل ایڈوائزر مرنال پانڈے نے جمعرات کو کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ان کی دہلی واقع رہائش 10، جن پتھ پر ملاقات کی اور انھیں ’نیشنل ہیرالڈ‘ کا ممبئی ایڈیشن بطور تحفہ پیش کیا۔ ممبئی ایڈیشن ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے 132ویں یومِ پیدائش پر 14 نومبر کو لانچ ہوا۔ نہرو جی ہی ’نیشنل ہیرالڈ‘ کے بانی بھی ہیں۔

نیشنل ہیرالڈ کی شروعات 1938 میں ایک روزنامہ اخبار کی شکل میں کی گئی تھی۔ اس اخبار نے تحریک آزادی میں اہم کردار نبھایا ہے، اور برطانوی حکومت کے ذریعہ اس پر کئی بار پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔ نیشنل ہیرالڈ کی ادارتی پالیسی ہمیشہ قوم کے لیے سپرد رہی ہے۔ اس وقت ’نیشنل ہیرالڈ‘ ایسے دور میں میڈیا کے اس خلاء کو بھرنے کی کوشش کر رہا ہے جب اظہارِ رائے کی آزادی کو سب سے زیادہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی مقصد سے ممبئی ایڈیشن کو شروع کیا گیا ہے تاکہ قارئین کو سچ، ہمت اور وقار والی آزاد صحافت مل سکے۔


نیشنل ہیرالڈ ہفتہ وار کے لانچ کا پروگرام ممبئی کے باندرا واقع اے جے ایل ہاؤس میں 14 نومبر کو اے جے ایل چیئرمین پون بنسل کے ذریعہ کیا گیا۔ اس موقع پر گروپ ایڈیٹوریل ایڈوائزر مرنال پانڈے، ممبئی میں نیشنل ہیرالڈ کی مقامی ایڈیٹر سجاتا آنندن اور گروپ کے بزنس ہیڈ پیوش جین وغیرہ موجود رہے۔ ان کے علاوہ پروگرام میں مہاراشٹر حکومت کے وزیر بالا صاحب تھوراٹ، امت دیشمکھ، وشوجیت کدم، نواب ملک اور سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان کے علاوہ کئی صحافیوں اور مصنّفین نے بھی حصہ لیا۔

گروپ کی اشاعتوں میں ہندی اخبار ’سنڈے نوجیون‘ اور ڈیجیٹل ’قومی آواز‘ بھی شامل ہیں۔ نیشنل ہیرالڈ اور نوجیون بھی ویب سائٹس کی شکل میں موجود ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔