نیوزی لینڈ حملہ: لاپتہ 9 ہندوستانیوں کے لئے ’ہیلپ لائن‘ شروع

نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر ہوئے دہشت گردانہ حملہ میں 49 نمازیوں کی جان چلی گئی، اس کے ساتھ ہی بہت سے لوگ لاپتہ ہیں، ان میں 9 ہندوستانی نژاد، 8 بنگلہ دیشی نژاد اور 5 پاکستانی نژاد شامل ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نیو زی لینڈ میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ نیوزی لینڈ جہاں جرائم کی شرح انتہائی کم ہے، خوشحالی کے ساتھ ساتھ مقامی عوام اور غیر ممالک کے لوگوں میں انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں، وہاں پر اس طرح کے واقعہ نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور ان کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ قوم پرستی کے نام پر ہم گہری کھائی میں گرنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر ہوئے دہشت گردانہ حملہ میں 49 نمازیوں کی جان چلی گئی اور اتنے ہی افراد زخمی بھی بتائے جا رہے ہیں، اس کے ساتھ بہت سے لوگ لاپتہ ہیں ان میں 9 ہندوستانی نژاد، 8 بنگلہ دیشی نژاد اور 5 پاکستانی نژاد شامل ہیں۔

ہندوستان اپنے لاپتہ شہریوں کے لئے فکر مند ہے، غیر سرکاری ذرائع سے یہ واضح اشارے ملے ہیں کہ 9 ہندوستانی شہری لاپتہ ہیں، نیو زی لینڈ کے پورے عمل کی وجہ سے کوئی تصدیق شدہ خبر نہیں ملی ہے۔ نیوزی لینڈ میں ہندوستانی سفارت خانہ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کوئی سرکاری طور پر تصدیق ہوتی ہے تو وہ اس کی فوراً اطلاع دیں گے۔ دوسری جانب ہندوستانی سفارت خانہ نے 24 گھنٹے کے لئے ہیلپ لائن نمبر شروع کر دیئے ہیں۔ ہندوستانی سفارت خانہ مقامی افسران سے بھی رابطہ میں ہیں۔ سفارت خانہ نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے عزیز و اقارب سفارت خانہ کے نمبر 64 0218033899, 021850033+ پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

لاپتہ افراد کے رشتہ داروں میں انتہائی بے چینی ہے اور نیوزی لینڈ کے قوانین کے حساب سے کسی بھی طرح کی تصدیق میں وقت لگتا ہے، چونکہ یہ معاملہ دہشت گردی سے جڑا ہوا ہے اس لئے نیوزی لینڈ کی انتظامیہ بہت پھونک پھونک کر قدم اٹھا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Mar 2019, 3:10 PM
/* */