کورونا: نیویارک میں لاشوں کا ڈھیر لگنے کا اندیشہ، ٹرکوں کو مردہ گھر بنانے کی تیاری

ڈبلیو ایچ او نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ پوری دنیا کے لیے کورونا وائرس کا نیا مرکز بن گیا ہے اور چین کے شہر وُہان کے بعد سب سے زیادہ موت امریکی شہر نیویارک میں ہو سکتی ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

امریکہ میں اس وقت کورونا وائرس کا قہر اپنے عروج پر نظر آ رہا ہے اور تشویشناک بات یہ ہے کہ حالات مزید خطرناک ہی ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ امریکہ کے شہر نیو یارک میں سب سے زیادہ مشکل حالات دیکھنے کو مل رہے ہیں جہاں اب تک 30 ہزار سے زیادہ لوگ کورونا وائرس انفیکشن میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اس شہر میں گزشتہ روز 150 سے زائد اموات بھی ہوئی ہیں جس کے بعد لوگوں کی تشویش میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اس شہر میں حالات کچھ ایسے بن گئے ہیں کہ ٹرکوں پر مردہ گھر بنانے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو یارک میں ہر تیسرے دن مریضوں کی تعداد دوگنی ہو رہی ہے اور یہاں آئندہ کچھ دنوں میں سینکڑوں لوگوں کی موت ہو سکتی ہے۔ لہٰذا کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے سبب لاش کو علیحدہ رکھنے کی تیاریاں چل رہی ہیں۔ سی این این کے مطابق نیویارک کے کئی اسپتالوں میں ٹینٹ اور ریفریجریٹڈ ٹرک پر مردہ گھر بنائے جا رہے ہیں۔ ایک اسپتال کے میڈیکل افسر نے اس بات کا اعتراف بھی کیا ہے کہ حالات انتہائی بے قابو ہوتے جا رہے ہیں اور اسی لیے نیو یارک میں پہلے ہی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ جس طرح ریفریجریٹڈ ٹرک پر مردہ گھر بنانے کا سلسلہ نیویارک میں شروع ہوا ہے، اسی طرح عارضی مردہ گھر 11/9 حملے کے بعد بھی تیار کیے گئے تھے تاکہ بڑی تعداد میں لاشوں کو رکھا جا سکے۔ اس وقت نیویارک میں ٹرکوں کو مردہ گھر اس لیے بھی بنایا جا رہا ہے تاکہ کورونا سے ہلاک ہونے والوں کو علیحدہ رکھا جا سکے اور اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ ہندوستان میں بھی کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کے پوسٹ مارٹم یا اٹوپسی پر روک لگا دی گئی ہے۔ ہندوستان میں لاشوں کو دفن کرنے کے لیے گائیڈ لائنس بھی جاری کیے گئے ہیں۔

بہر حال، کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق نیو یارک کے علاوہ نارتھ کیرولینا میں بھی اسی طرح ٹینٹ اور ریفریجریٹڈ ٹرک تیار کیے جا رہے ہیں۔ امریکہ میں اب تک 900 سے زائد لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور کہاں جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں وینٹی لیٹر کی کمی بھی ہو سکتی ہے۔ خصوصی طور پر نیو یارک کو اس مسئلہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ عالمی صحت ادارہ یعنی ڈبلیو ایچ او نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ پوری دنیا کے لیے کورونا وائرس کا نیا مرکز بن گیا ہے اور چین کے وُہان کے بعد سب سے زیادہ موت امریکی شہر نیویارک میں ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔