نئے سال سے قبل دہلی پولیس کی ٹریفک ایڈوائزری، 31 دسمبر شام 7 بجے سے کناٹ پلیس میں گاڑیوں کا داخلہ بند
نئے سال کے پیش نظر دہلی پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے، 31 دسمبر شام 7 بجے سے کناٹ پلیس میں گاڑیوں کا داخلہ بند رہے گا، متعدد مقامات پر ڈائیورژن اور سخت پارکنگ ضابطے نافذ ہوں گے

نئے سال کے موقع پر راجدھانی میں بڑھتی ہوئی بھیڑ اور جشن کے پیش نظر دہلی پولیس اور ٹریفک پولیس نے جامع ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس ایڈوائزری کے تحت 31 دسمبر کو شام 7 بجے سے کناٹ پلیس میں عام گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ صرف درست اور منظور شدہ پاس رکھنے والی گاڑیوں کو محدود علاقوں میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نئے سال کے جشن کے دوران ٹریفک کو منظم رکھنا اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق نئے سال کا جشن ختم ہونے تک ٹریفک میں تبدیلیاں اور خصوصی پارکنگ انتظامات نافذ رہیں گے۔ کناٹ پلیس کی طرف جانے والی گاڑیوں کو منڈی ہاؤس، بنگالی مارکیٹ، رنجیت سنگھ فلائی اوور، منٹو روڈ اور پٹیل چوک سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ گول ڈاک خانہ، کالی باڑی مارگ، پنتھ مارگ، کوپرنیکس مارگ، منٹو روڈ اور ونڈسر پلیس پر محدود پارکنگ پہلے آؤ، پہلے پاؤ کی بنیاد پر دستیاب ہوگی۔
پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ نئے سال کی رات انڈیا گیٹ کے اطراف پیدل آنے والوں کی بڑی تعداد جمع ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر وہاں بھی خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر کیو پوائنٹ، متھرا روڈ-پرانا قلعہ، متھرا روڈ-شیر شاہ روڈ، ذاکر حسین مارگ، رفیع مارگ اور پندارا روڈ سے ٹریفک کو موڑا جا سکتا ہے۔ کئی گول چکروں پر بھی وقتی ڈائیورژن نافذ کیے جا سکتے ہیں۔ سڑک کنارے پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی اور غیر مجاز طور پر کھڑی گاڑیوں کو کرین کے ذریعے ہٹا کر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
نئی دہلی ر جانے والے مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آر ایم ایل اسپتال روڈ، مندر مارگ، رانی جھانسی روڈ اور ونڈسر پلیس جیسے متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ عوام زیادہ سے زیادہ عوامی نقل و حمل، بالخصوص میٹرو، کا استعمال کریں اور شراب پی کر گاڑی چلانے سے مکمل پرہیز کریں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی یا جشن کے دوران بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کسی بھی مسئلے کی صورت میں شہری واٹس ایپ نمبر 8750871493 یا ہیلپ لائن 1095 اور 011-25844444 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔