شری کرشن جنم بھومی تنازعہ میں نیا موڑ، عدالت میں سائنسی تحقیقات کیلئے درخواست

شری کرشن جنم بھومی معاملے میں اب تک سات مقدمے دائر کیے گئے ہیں اور بیشتر دعوؤں میں سری کرشن جنم بھومی کے 13 اعشاریہ 37 ایکڑ حصے پر تعمیر شاہی مسجد عیدگاہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

متھرا: شری کرشن جنم بھومی تنازعہ میں آج ایک نیا موڑ آگیا جب ایک درخواست گزار نے عدالت میں اس زمین کی سائنسی تحقیقات کے لئے درخواست دائر کی جس پر شاہی مسجد عیدگاہ تعمیر کی گئی ہے۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت اب 10 مئی کو ہوگی۔ سری کرشن جنم بھومی معاملے میں اب تک سات مقدمے دائر کیے گئے ہیں اور بیشتر دعوؤں میں شری کرشن جنم بھومی کے 13 اعشاریہ 37 ایکڑ حصے پر تعمیر شاہی مسجد عیدگاہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایڈووکیٹ مہندر پرتاپ سنگھ اور چار دیگر لوگوں کے ذریعہ دائر مقدمہ میں بھی آگرہ قلعہ کے اندر بنی جہاں آرا مسجد کی سیڑھیوں کے نیچے کٹرا کیشو دیو کے مین دروازے کو اورنگ زیب کے ذریعہ دبا دئیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے ان کے نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شری کرشن وراجمان ، شیلندر سنگھ اور دیگر کی طرف سے بنام اتر پردیش سنی مرکزی وقف بورڈ اور دیگر سے سول جج سینئر ڈویژن متھرا جیوتی سنگھ کے سامنے آرڈر 26 رول اے-10 کے تحت سائنسی تحقیقات کرنے کے لئے یہ درخواست پیش کی گئی ہے جس میں مورتیوں کو تلاش کرنے کے لئے تہہ تک پہنچنے کی کوشش کی گئی ہے اور یہ جاننے کی بھی کوشش کی گئی ہے کہ جس زمین میں شاہی مسجد عیدگاہ تعمیر ہوئی ہے اس تعمیر سے پہلے اس زمین کی کیا صورت حال تھی اور وہاں کیا بنا ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔