تتکال ٹکٹ کے نئے ضابطے یکم جولائی سے ہوں گے نافذ، فرضی آئی ڈی والے یوزرس اور ایجنٹس پر لگے گا لگام
اب تتکال ونڈو کھلنے کے 30 منٹ تک مجاز ایجنٹ ٹکٹ بک نہیں کر پائیں گے۔ وہیں 15 جولائی سے او ٹی پی پر مبنی آدھار ویریفکیشن بھی لازمی ہو جائے گا۔

تصویر انسٹا گرام
ہندوستانی ریلوے نے تتکال ٹکٹ بکنگ نظام میں کئی ترامیم کا اعلان کیا ہے۔ نئے ضابطے کے تحت آن لائن تتکال بکنگ کے لیے آدھار پر مبنی ویریفکیشن کو لازمی کر دیا گیا ہے یعنی آئی آر سی ٹی سی ایپ پر جن لوگوں کا آدھار لنک نہیں ہوگا، وہ تتکال ٹکٹ بک نہیں کر پائیں گے۔
وزارت ریل کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اس کا مقصد تتکال ٹکٹوں تک سبھی کی یکساں پہنچ یقینی بنانا اور غلط استعمال پر روک لگانا ہے۔ ترجمان نے کہا، ’’یکم جولائی سے آئی آر سی ٹی سی کی سرکاری ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعہ بک کیے گئے تتکال ٹکٹ صرف آدھار سے تصدیق شدہ استعمال کنندگان کے لیے ہی دستیاب ہوں گے۔ وہیں 15 جولائی سے او ٹی پی پر مبنی آدھار ویریفکیشن لازمی ہو جائے گا۔
وزیر ریل اشونی ویشو نے بھی اپنے ’ایکس‘ پوسٹ میں بتایا، ’’حقیقی یوزرس کے لیے تتکال ٹکٹنگ کو اور زیادہ آسان بنایا گیا ہے۔ یکم جولائی 2025 سے آئی آر سی ٹی سی- ویب سائٹ/ایپ کے توسط سے فوری بکنگ صرف آدھار سے تصدیق شدہ صارفین کے لیے ہی قبول ہے۔ 15 جولائی 2025 سے او ٹی پی پر مبنی آدھار کی تصدیق۔ پی آر ایس کاؤنٹر/مجاز ایجنٹس (وائی ٹی ایس کے) پر فوری بکنگ کے لیے بکنگ کرنے والے شخص کے موبائل ایپ پر او ٹی پی تصدیق بھیجنا ضروری ہوگا۔ مجاز ایجنٹ کھلنے کے پہلے 30 منٹ میں ٹکٹ بُک نہیں کر سکتے۔‘‘
بتایا جاتا ہے کہ تتکال ٹکٹ بکنگ میں کی گئی ترامیم سے اب ناجائز اور فرضی آئی ڈی والے یوزرس پر نکیل کسی جا سکے گی۔ ساتھ ہی ایجنٹس کو لے کر کیے گئے فیصلوں سے مسافروں کو فائدہ ملنے کی امید ہے۔ ریلوے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اب تتکال ونڈو کھلنے کے 30 منٹ تک مجاز ایجنٹ ٹکٹ بک نہیں کر پائیں گے۔ یعنی ایجنٹ صبح 10 بجے سے 10:30 بجے کے درمیان اے سی تتکال ٹکٹ بک نہیں کر پائیں گے۔ اسی طرح سلیپر ٹکٹ بھی صبح 11:30 بجے کے بعد ہی بُک ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔