نیا ہجری سال، حقائق اور پیغام

ہجری سال کا آخری مہینہ ذو الحجہ اور پہلا مہینہ محرم الحرام دونوں ’اشہر حرم‘ میں آتے ہیں، یہ دونوں مہینے اسلام میں ان حرمت و احترام والے چار مہینوں میں شمار کئے جاتے ہیں جن کا تذکرہ سورہ توبہ میں ہے۔

<div class="paragraphs"><p>محرم الحرام / سوشل میڈیا</p></div>

محرم الحرام / سوشل میڈیا

user

ذکی نور عظیم ندوی

سال اور مہینوں کا آنا جانا ایک معمول سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتا جس کے ذریعہ انسان کو اپنے منصوبوں اور اس کے نفاذ کی کوشش اور اس میں پیش رفت کا جائزہ لینا چاہیے اور حسب ضرورت اس میں ردو بدل تقدیم و تاخیر اور کبھی کبھی کچھ کمی و زیادتی پر بھی غور کرنا چاہیے۔ اس سلسلہ میں عیسوی، ہجری، ایرانی، بکرمی یا کسی بھی کیلنڈر کا کوئی فرق اور امتیاز نہیں۔

در حقیقت اسلامی نقطہ نظر سے ہجری سال کو اسلامی سال کہنے کی وجہ صرف یہ ہے کہ مہینوں، عشروں اور دنوں میں ہجری قمری سال کا اعتبار کیا جاتا ہے اور اسی اعتبار سے روزہ، حج، عدت کے مسائل اور بعض دیگر عبادتوں کی تعیین ہوتی ہے۔ اس کا یہ مطلب قطعاً نہیں کہ اسلام میں سورج کے مقابلہ چاند کی گردش زیادہ معتبر مانی گئی ہے، بلکہ غور کرنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسلام میں جس طرح ماہ و سال، عشرو ںاور دنوں کے تعین کے لئے رویت ہلال کا اعتبار کیا گیا اسی طرح دن کے مختلف اوقات، وقت افطار اور نمازوں کے اوقات کے لئے سورج کی گردش کو معتبر مانا گیا۔


جہاں تک دنیا میں کیلنڈرکے نظام کی بات ہے تو یہ بہت قدیم ہے اور اس کی حقیقت یہ ہے کہ وقت کو گھنٹوں، دنوں، ہفتوں، مہینوں اور سالوں میں تقسیم اور شمار کرنے، تاریخ و ہفتہ کے دنوں کی تعیین، دنیوی نظام کو منصوبہ بند طریقہ پر انجام دینے اور اس کو یاد رکھنے کے لئے دنیا میں مختلف زمانوں میں مختلف اعتبار سے مختلف کیلنڈر رائج کئے گئے جن میں عیسوی کیلنڈر، ہجری کیلنڈر بکرمی کیلنڈر، مالیاتی کیلنڈر، تعلیمی کیلنڈر، زرعی کیلنڈر، مختلف افراد کی تاریخ پیدائش، کاروبار، زندگی کے اہم واقعات، انسان کی عمر کا کیلنڈر اور کاروباری و معاملاتی کیلنڈر وغیرہ وغیرہ۔ ہجری کیلنڈر بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس کی بنیاد چاند کی رویت پر ہے لیکن بعض ملکوں میں ہجری شمسی کیلنڈر بھی رائج ہے جن میں چاند کے بجائے شمسی نظام پر اعتماد کیا گیا ہے اور جس کو بہت سے نقطہ نظر سے عیسوی گریگورین کیلنڈر سے بھی زیادہ منظم کہا گیا ہے، یہ کیلنڈر ایران و افغانستان و بعض دوسرے ملکوں میں رائج اور معتبر ہے۔

شمسی سال میں زمین پوری طرح سورج کے گرد چکر کاٹ لیتی ہے جو 365 آشاریہ 2425 دن کے برابر ہوتا ہے۔ لیکن چونکہ سال 365 دنوں کا شمار کیا جاتا ہے جو اصل سال سے چھوٹا ہوتا ہے اس کو درست کرنے کے لیے اکتوبر 1528ء میں تیرہویں پوپ گریگوری نے ہر چوتھے سال (جسے لیپ سال کہتے ہیں) اس سال کے سب سے چھوٹے مہینہ فروری کو 28 کے بجائے 29 کرکے ایک دن کا اضافہ کر دیا جس سے یہ زیادتی 100 سال میں جمع ہو کر ایک دن کے قریب ہو جائے، اس طرح سے موسم و تاریخ کا ربط کم وبیش صحیح طور پر قائم رہتا ہے جو شمسی عیسوی سال کی ایک اہم خصوصیت ہے۔ جب کہ قمری سال شمسی سال سے 11 دن چھوٹا یعنی عام طور پر 354 دن کا ہوتا ہے، جس میں ایک مہینہ چاند کے دو مسلسل طلوعات کا درمیانی عرصہ ہوتا ہے جو رویت ہلال کی بنیاد پر 29 یا 30 دن کا ہوتا ہے، اسی وجہ سے ہجری سالوں میں موسموں اور تاریخوں میں تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔


لہٰذا نئے ہجری سال پر کچھ الگ پروگرام یا جشن اسلامی نقطہ نظر سے کسی طرح بہتر نہیں بلکہ دیگر کیلنڈروں کی طرح یہ بھی ماہ و سال کی تعیین کا ایک حصہ ہے جس کا الگ سے کوئی امتیاز نہیں، اس کو حضرت عمر نے ہجرت کے 71ویں سال اور اپنی خلافت کے ڈھائی سال بعد سرکاری طور پر رائج کیا اور محرم الحرام کو اس کا پہلا مہینہ قرار دیا حالانکہ نبی اکرم ؐ نے ہجرت ربیع الاول کے مہینہ میں کی تھی۔ لیکن ہاں اگر کوئی سال کی تبدیلی کو مثبت بنانا چاہتا ہے تو وہ ہجری سال کے آخری اور پہلے دونوں مہینوں کی چند امتیازات کو مد نظر رکھے اوراس کی روشنی میں اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں پیدا کرسکتا ہے۔

1- ہجری سال کا آخری مہینہ ذو الحجہ اورپہلا مہینہ محرم الحرام دونوں ’اشہر حرم‘ میں آتے ہیں یعنی یہ دونوں مہینے اسلام میں ان حرمت و احترام والے چار مہینوں میں شمار کئے جاتے ہیں، جس کا تذکرہ سورہ توبہ کی آیت نمبر 63 میں کیا گیا ہے، اور جس میں ظلم و زیادتی اور قتل و خوں ریزی عام دنوں سے بھی زیادہ معیوب سمجھا جاتا ہے۔


2- ذو الحجہ ہجری سال کا آخری مہینہ ہے جو کہ ایک طرح سے گزرے ہوئے سال کے جائزہ اور اس میں کئے گئے اعمال اور عزائم و منصوبوں کے احتساب کا مہینہ ہے۔ تو محرم الحرام نئے ہجری سال کا پہلا مہینہ ہے اس میں انسان کو نئے عزم و حوصلہ اور نئے ارادوں کا تعین کرنا چاہیے اور اس کی طرف منصوبہ بند طریقہ سے قدم بڑھانے کا آغاز کرنا چاہیے۔

3- ذو الحجہ کا مہینہ، حج اس کے اعمال اور قربانی کے اعتبار سے حضرت ابراہیم و اسماعیل اور ان کی مخلصانہ زندگی اور قربانیوں کی یادگار ہے، تو محرم الحرام کا مہینہ حضرت موسی اور حضرت ہارون کی آزمائشوں اور فرعون پر ان کی فتح و کامرانی کی ناقابل فراموش عظیم تاریخ سے مربوط ہے۔


4- ذوالحجہ کے شروع کے دس دن سب سے افضل ہیں جس کے بارے میں حدیثوں میں اسے دنیا کے سب سے افضل ایام قرار دیا گیا (صحیح الجامع 1133) تومسلم شریف کی روایت میں محرم الحرام میں روزہ کو ماہ رمضان کے بعد نفلی روزوں میں سب سے زیادہ افضل قرار دیا گیا (صحیح مسلم1161)

5- ذوالحجہ کی 9 تاریخ کا روزہ صحیح مسلم اور دیگر کتب حدیث کی روایتوں کے مطابق گزرے اور آنے والے دو سالوں کے گناہوں کا کفارہ ہے (صحیح مسلم 1162) تو مسلم اور دیگر محدثین کی روایتوں کے مطابق محرم الحرام کی 10 تاریخ کا روزہ بھی گزرے سال کے گناہوں کی معافی کا ذریعہ ہے(صحیح مسلم1162)


6- ان دونوں مہینوں کا اس اعتبار سے بھی جائزہ لینا مفید ہو گا کہ اسلام میں آخری نبی کی اطاعت و پیروی کا حکم دیا گیا اور ساتھ ہی دیگر تمام انبیاء پر ایمان لانا اور ان کا احترام بھی لازمی قرار دیا گیا۔ لہٰذا ذوالحجہ کا مہینہ دیگر انبیاء میں حضرت ابراہیم و اسماعیل علیہما السلام سے عقیدت و محبت اور تعلق کی دلیل ہے تو محرم الحرام کا مہینہ حضرت موسیٰ و ہارون سے تعلق اور ان سے وابستگی کی علامت۔

7- ذوالحجہ کا مہینہ اگر ایک طرف اللہ تعالی کی قدرت خاصہ کا مظہراور حضرت ابراہیم کے آگ میں ڈالے جانے کے باوجود اللہ کی قدرت خاصہ سے بچنے کی یادگار ہے جس کا تذکرہ سورہ انبیاء کی آئت69 میں کیا گیا، تو محرم الحرام کا مہینہ سورہ طہ کی آیت نمبر 77 کی روشنی میں حضرت موسی اور بنی اسرائیل کے سمندر میں اس کی لہروں کی پرواہ کئے بغیر اتر جانے اور اسی سمندر میں ان کے لئے اللہ کے حکم پر نجات کا راستہ بننے اور دشمنوں کے غرق ہو جانے کی ناقابل فراموش یادگار ہے۔


8- ذوا لحجہ کا مہینہ سورہ الصافات کی آیت 102 کی روشنی میں اگر اللہ کی خاطر حضرت ابراہیم کے ذریعہ اپنے محبوب ترین بیٹے حضرت اسماعیل کے گلے پر چھری پھیرنے پر آمادگی کی تاریخ سے وابستہ ہے، تو محرم الحرام کا مہینہ سورہ طہ کی آیت 92-94 کی روشنی میں حضرت موسی کے ذریعہ اللہ کے لئے اپنے بھائی حضرت ہارون علیہ السلام کی داڑھی پکڑ کر اس سوال اور فکر مندی کا اظہار ہے کہ توحید کی خلاف ورزی کے وقت تم کیا کر رہے تھے۔

یعنی نیا سال یا پرانا سال نہیں بلکہ محرم الحرام اور ذوالحجہ کے مہینے دونوں ہی عظیم پیغام اور عظیم تاریخ کی یادگار ہیں ضرورت ہے کہ ان مہینوں کے جانے یا آنے پر ہم ان پیغامات اور تاریخ کو مد نظر رکھ کر اپنی زندگی اس کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔