نئی دہلی: بھگدڑ واقعہ پر صدر مرمو، وزیر اعظم مودی، راہل، پرینکا سمیت مختلف رہنماؤں کا اظہار غم

راہل گاندھی نے بھگدڑ واقعہ کو ریلوے کی ناکامی اورحکومت کی بے حسی قرار دیتے ہوئے کہا، "حکومت اور انتظامیہ کو یقینی کرنا چاہیے کہ بد انتظامی اور لاپروائی کی وجہ سے کسی کو اپنی جان نہ گنوانی پڑے"۔

<div class="paragraphs"><p>صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور راہل گاندھی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ کے واقعہ میں ہوئی لوگوں کی موت سے پورے ملک میں غم کا ماحول ہے۔ اب تک 18 لوگوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اس المناک واقعہ پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس رہنما راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، کے سی وینو گوپال سمیت کئی دیگر شخصیتوں نے بھی اپنے گہرے غم اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں غم کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

صدر جمہوریہ مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا، "نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر مچی بھگدڑ میں لوگوں کی موت کی خبر سن کر بہت غم ہوا۔ میں سوگوار خاندان کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہوں۔"

بھگدڑ حادثہ پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ حادثہ سے پریشان ہوں، میری تعزیت ان سبھی لوگوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنے قریبیوں اور دل کے ٹکڑوں کو کھویا ہے۔ زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ افسران بھگدڑ سے متاثر سبھی لوگوں کو امداد پہنچا رہے ہیں۔


ادھر لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بھی نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہوئے بھگدڑ واقعہ پر اپنے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ 'ایکس' پر اپنے تعزیتی پوسٹ میں کہا ہے، "نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچنے سے کئی لوگوں کی موت اور کئی کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی غمگین اور پریشان کرنے والی ہے۔ غمزدہ خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت پیش کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں۔"

راہل گاندھی نے اس حادثہ پر ریلوے اور مرکزی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا، "یہ واقعہ ایک بار پھر ریلوے کی ناکامی اور حکومت کی بے حسی کو ظاہر کرتی ہے۔ پریاگ راج جا رہے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے اسٹیشن پر بہتر انتظام کیا جانا چاہیے تھا۔ حکومت اور انتظامیہ کو یقینی کرنا چاہیے کہ بد انتظامی اور لاپروائی کی وجہ سے کسی کو اپنی جان نہ گنوانی پڑے۔

کانگریس رہنما پرینکا گاندھی اور کے سی وینو گوپال نے بھی بھگدڑ حادثے میں مرنے والوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پرینکا نے مرنے والوں کے اہل خانہ سے صبر کی تلقین اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔