دہلی: طوفانی بارش نے تاریخی جامع مسجد کو پہنچایا نقصان، گنبد کا اوپری حصہ ٹوٹا

جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے طوفانی بارش کی وجہ سے جامع مسجد کو ہوئے نقصان کے ساتھ ساتھ پتھر گرنے سے دو تین افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

پیر کی شام دہلی میں طوفانی بارش کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے جگہ جگہ درختوں کے ٹوٹ کر گرنے کے واقعات پیش آئے جس کی وجہ سے ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہو گیا۔ حالانکہ اس بارش نے شدید گرمی سے لوگوں کو راحت پہنچائی ہے، لیکن دہلی-این سی آر میں کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ اس طوفانی بارش میں تاریخی جامع مسجد کے گنبد کا اوپری حصہ بھی ٹوٹ گیا جس کے بعد جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری کافی فکر مند ہیں۔

سید احمد بخاری نے ایک انگریزی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’درمیانی گنبد کا اوپری حصہ تین حصوں میں ٹوٹ گیا ہے۔ دو حصہ نیچے گر گیا اور ایک ابھی تک اوپر ہی پھنسا ہوا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’اگر اوپر پھنسے حصے کو نیچے نہ لایا گیا اور وہ خود نیچے گرا تو پہلے دیوار کو نقصان پہنچے گا۔ میں اے ایس آئی ڈائریکٹر جنرل کو ایک خط لکھ رہا ہوں جس میں تباہ شدہ حصے کو نیچے اتارے جانے کی گزارش کی جائے گی۔‘‘


سید احمد بخاری نے طوفانی بارش کی وجہ سے جامع مسجد کو ہوئے نقصان کے ساتھ ساتھ پتھر گرنے سے دو تین افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع دی۔ ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ شمالی مینار کی جالی بھی گر گئی جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ تاریخی جامع مسجد صحیح دیکھ ریکھ نہ ہونے کی وجہ سے خستہ حالی کی شکار ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ طویل مدت سے جامع مسجد کی مرمت نہیں ہوئی ہے اور سید احمد بخاری نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ اے ایس آئی کو پہلے ہی خط لکھ کر مرمت کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔