پونچھ: ایل او سی پر فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے نو زائد بچے نے دم توڑا

شاہ پور سیکٹر میں اتوار کو ہندوستان اور پاکستان فوج کے درمیان بھاری فائرنگ کے تبادلے میں ایک نو زائد بچہ اور اس کی والدہ فاطمہ جان زوجہ محمد قاسم گجر زخمی ہوگئے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے شاہ پور سیکٹر میں اتوار کے روز ہندوستان اور پاکستان فوج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والا دس دنوں کا بچہ اتوار کی رات دیر گئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔

بتادیں کہ شاہ پور سیکٹر میں اتوار کو ہندوستان اور پاکستان فوج کے درمیان بھاری فائرنگ کے تبادلے میں ایک نو زائد بچہ اور اس کی والدہ فاطمہ جان زوجہ محمد قاسم گجر زخمی ہوئے تھے، علاوہ ازیں محمد عارف ولد محمد سعید راتھر نامی ایک شہری بھی زخمی ہوا تھا۔


ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجے کے لئے ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا گیا تھا جہاں نوزائد بچہ، جس کا ابھی نام بھی نہیں رکھا گیا تھا، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اتوار کی رات دیر گئے اپنی ننھی جان، جان آفرین کے حوالے کر گیا۔ چیف میڈیکل افسر پونچھ ڈاکٹر ممتاز بھٹی نے بتایا کہ نوزائد بچہ ضلع اسپتال پونچھ میں زیر علاج تھا جہاں وہ دم توڑ گیا تاہم اس کی والدہ اور دوسرا زخمی ابھی زیر علاج ہیں۔

دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ پونچھ راہل یادو نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں شاہ پور سیکٹر میں تین لوگ زخمی ہوئے جن کو علاج کے لئے ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا گیا زخمیوں میں محمد عارف، فاطمہ جان اور اس کا دس پندرہ دنوں کا بچہ بھی شامل ہے۔


ایک مقامی شخص نے ہندوستان اور پاکستان کو مسائل بیٹھ کر حل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’مہربانی کرکے اگر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کوئی جھگڑا ہے تو بیٹھ کر باتیں کریں، ہم لوگ جو بارڈر پر رہتے ہیں مزدوری کرکے روٹی کھاتے ہیں لیکن شلنگ اور ڈر سے ہم وہ بھی نہیں کھا پاتے ہیں، ہمیں شلنگ کے وقت دور بھاگنا پڑتا ہے‘۔ قابل ذکر ہے کہ طرفین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں کئی مکانوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔