نہ ہی 500 کے نوٹ بند کیے جائیں گے، اور نہ ہی بند 1000 روپے کے نوٹ کی دوبارہ چھپائی ہوگی: آر بی آئی

ایم پی سی میٹنگ کے بعد آر بی آئی کا کہنا ہے کہ عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ فی الحال ریزرو بینک کا 500 روپے کی کرنسی کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

آر بی آئی، تصویر آئی اے این ایس
آر بی آئی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

جب سے آر بی آئی نے 2000 روپے کے نوٹ کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے، تبھی سے لوگوں کے ذہن میں یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ کیا آنے والے دنوں میں 500 روپے کے نوٹ بھی بند ہو سکتے ہیں؟ یا پھر یہ کہ کیا پھر سے 1000 روپے کے نوٹ چلن میں آئیں گے۔ اس سلسلے میں 8 جون کو آر بی آئی نے ایم پی سی (مانیٹری پالیسی) میٹنگ کے بعد جو کچھ کہا اس سے مذکورہ بالا سوالوں کا واضح جواب مل جاتا ہے۔ ایم پی سی میٹنگ کے بعد آر بی آئی نے بتایا کہ 500 کے نوٹوں کو بند نہیں کیا جائے گا، اور نہ ہی بند ہوئے 1000 روپے کے نوٹ کی چھپائی دوبارہ شروع ہوگی۔

آر بی آئی کا کہنا ہے کہ عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ فی الحال ریزرو بینک کا 500 روپے کی کرنسی کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ یہ بات جمعرات کو ایم پی سی میٹنگ کے تیسرے دن پریس کانفرنس کے دوران آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے کہی۔ اس درمیان یہ جانکاری بھی سامنے آئی ہے کہ بازار میں موجود 2000 کے 50 فیصد نوٹ بینکوں میں جمع کیے جا چکے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ جب سے 2000 روپے کے نوٹوں کو سرکولیشن سے باہر کیا گیا ہے، 1000 روپے کے نوٹوں کو واپس لانے سے متعلق چہ می گوئیوں شروع ہو گئی تھیں۔ لوگ محسوس کر رہے تھے کہ پھر سے 1000 روپے کے نوٹ بازار میں لائے جا سکتے ہیں۔ حالانکہ آر بی آئی چیف نے ان افواہوں پر اب فل اسٹاپ لگا دیا ہے۔ ساتھ ہی آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ 2000 روپے کے بند نوٹ کو جمع کرنے میں لوگوں کو کسی طرح کی پریشانی نہیں ہو رہی ہے۔ اس لیے عوام کو کسی بھی طرح کی ہڑبڑی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر کسی کے پاس 2000 روپے کے نوٹ ہیں تو بغیر کسی الجھن اور پریشانی کے بینکوں میں جمع کر سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔