’نہ میں وزیر اعلیٰ عہدہ کا دعویدار تھا اور نہ ہوں‘، شیوراج چوہان کا حیرت انگیز بیان

وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ مودی جی ہمارے لیڈر ہیں، ان کے ساتھ کام کرنا خوش قسمتی ہے، مجھ میں جتنی طاقت تھی اتنا میں نے کام کیا، عوام کا میں تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔

<div class="paragraphs"><p>شیوراج سنگھ چوہان، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

شیوراج سنگھ چوہان، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش میں بی جے پی نے 230 اسمبلی سیٹوں میں سے 163 سیٹوں پر جیت درج کر ایک بار پھر حکومت سازی کا راستہ ہموار کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ اس درمیان مدھیہ پردیش کے موجودہ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ایک حیرت انگیز بیان دے کر سیاسی ہلچل میں اضافہ کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’میں وزیر اعلیٰ عہدہ کا دعویدار نہ پہلے تھا اور نہ اب ہوں۔‘‘ حالانکہ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’میں ایک کارکن ہوں۔ اس ناطے سے بی جے پی مجھے جو بھی کام دے گی وہ میں بہت ایمانداری سے کروں گا۔‘‘

یہ بیان شیوراج سنگھ چوہان نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی جی ہمارے لیڈر ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرنا خوش قسمتی ہے۔ میں خوش قسمت ہوں کہ بی جے پی کا کارکن ہوں۔ میں عوام کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔ مجھ میں جتنی طاقت تھی اتنا میں نے کام کیا۔‘‘


واضح رہے کہ مدھیہ پردیش اسمبلی انتخاب میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان بی جے پی کی جیت کے ہیرو بن کر ابھرے ہیں۔ 64 سالہ شیوراج نے ریاست میں حکومت مخالف لہر کو شکست دے کر ایک بار پھر شاندار جیت درج کی ہے۔ بی جے پی کی اس جیت کے پیچھے سب سے زیادہ سرخیاں ’لاڈلی بہنا‘ منصوبہ بٹور رہا ہے۔ اس کو گیم چینجر تصور کیا جا رہا ہے۔ حالانکہ پارٹی نے انتخاب سے پہلے شیوراج سنگھ چوہان کو وزیر اعلیٰ کے چہرہ کی شکل میں پیش نہیں کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔