’نہرو آرکائیو‘ اب مکمل طور پر ڈیجیٹل شکل میں دستیاب، 35 ہزار سے زائد دستاویزات مفت ہو سکیں گے ڈاؤنلوڈ
جے این ایم ایف کا ماننا ہے کہ نہرو سے متعلق یہ ڈیجیٹل آرکائیو اُن تمام افراد کے لیے بے حد مفید ہوں گے جو 1920 سے 1960 کے دوران ہندوستانی تاریخ کے کسی بھی پہلو کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں۔
طلبا اور محققین کے لیے یہ خبر انتہائی خوش کن ہے کہ ’نہرو آرکائیو‘ اب مکمل طور پر ڈیجیٹل شکل میں فعال ہو گیا ہے۔ اس میں 100 جلدوں پر مشتمل جواہر لعل نہرو کی منتخب تصانیف آن لائن بالکل مفت ڈاؤنلوڈ کے لیے دستیاب ہیں۔ ان میں مجموعی طور پر 35,043 دستاویزات اور 3,000 سے زائد تصاویر و خاکے موجود ہیں۔
جواہر لعل نہرو میموریل فنڈ (جے این ایم ایف)، جو ملک کے پہلے وزیر اعظم سے متعلق مواد کو ڈیجیٹائز کر رہا ہے، جلد ہی آرکائیو کے دائرۂ کار کو وسعت دینے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرے گا۔ دوسرے مرحلہ میں نہرو کو لکھے گئے خطوط کو تلاش کر کے ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ آڈیو ویزوئل مواد اور نہرو کی تحریر کردہ کتابیں (ان کی پہلی اور بعد کی اشاعتیں) بھی شامل کی جائیں گی۔
کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے اس سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کر اہم جانکاری دی ہے۔ جے این ایم ایف کے ٹرسٹیز میں شامل جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پوسٹ میں مطلع کیا ہے کہ ’’nehruarchive.in ایک ’آسانی سے تلاش کی جانے والی اور بالکل مفت ڈاؤنلوڈ کی جا سکنے والی ڈیجیٹل آرکائیو‘ ہے، جو ابتدا میں 1903 سے 1964 کے عرصے پر مشتمل نہرو کی منتخب تحریروں پر مبنی ہے، جو کہ 100 جلدوں پر مشتمل ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ان میں 75 ہزار سے زائد صفحات اور 3 ہزار سے زیادہ تصاویر شامل ہیں۔‘‘
جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے ان آرکائیوز سے رابطہ کیا جا رہا ہے، جن میں نہرو کے نام اور نہرو کی جانب سے لکھے گئے خطوط محفوظ ہیں۔ اس طرح اس ڈیجیٹل ذخیرے کو مزید وسعت دی جا سکے گی۔ طباعت شدہ اصل ایڈیشن کی عکسی کاپی بھی ڈیجیٹل متن کے ساتھ فراہم کی گئی ہیں۔
’نہرو آرکائیو‘ کے ڈیجیٹل شکل میں دستیاب ہونے کے بعد جے این ایم ایف سکریٹری پروفیسر مادھون پلاٹ نے کہا کہ ’’اب سے نئے مواد کو مرحلہ وار شامل کیا جاتا رہے گا۔ ان میں تصاویر، آڈیو، ویڈیو، نہرو کی تحریر کردہ کتابیں، نہرو پر ان کی زندگی میں شائع ہونے والی کتابیں و دیگر مطبوعات، عوامی سطح پر دستیاب دیگر دستاویزات، ان کی ہندی تقاریر کا اصل متن (جو منتخب تصانیف میں شامل نہیں تھا) اور اسی نوعیت کی دیگر اشیاء شامل ہیں۔‘‘
جے این ایم ایف کا ماننا ہے کہ نہرو سے متعلق یہ ڈیجیٹل آرکائیو اُن تمام افراد کے لیے بے حد مفید ہوں گے جو 1920 سے 1960 کے دوران ہندوستانی تاریخ کے کسی بھی پہلو کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ وہ زمانہ ہے جب نہرو تحریکِ آزادی کے بڑے قائد تھے اور بعد ازاں ملک کے وزیر اعظم رہے۔ ڈیجیٹائز شدہ دستاویزات میں نہرو کی خط و کتابت، تقاریر، انٹرویوز، فائلوں پر انتظامی نوٹنگ، ڈائری کے اندراجات، حتیٰ کہ ان کے بنائے ہوئے خاکے تک شامل ہیں۔ ڈیجیٹل آرکائیوز میں ستمبر 1958 سے نہرو کی ہندی تقاریر ان کے انگریزی تراجم کے ساتھ موجود ہیں۔ آرکائیو کو ڈیجیٹائز کرنے والی ٹیم نے 300 موضوعات کے تحت سرچ کی سہولت فراہم کی ہے، جسے بڑھا کر 1,000 تک لے جانے کا ارادہ ہے۔ سرچنگ کا نظام ایونٹس، مقامات اور تنظیموں کے ذریعے بھی دستیاب ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔