نہرو آرکائیو سچائی، تاریخ اور جمہوری فکر تک آزاد رسائی کا اہم ذریعہ، نئے پلیٹ فارم کے اجراء پر راہل گاندھی اور کھڑگے کا بیان

راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے نے نہرو آرکائیو کے ڈیجیٹل آغاز کو تاریخ، سچائی اور تحقیق تک آزاد رسائی کے لیے اہم قدم قرار دیا۔ دونوں نے کہا کہ نہرو کی تحریریں ہندوستانی جمہوریت کی فکری رہنمائی کرتی ہیں

<div class="paragraphs"><p>نہرو آرکائیو</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نہرو آرکائیو کے ڈیجیٹل آغاز کے بعد کانگریس رہنماؤں راہل گاندھی اور پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے اس نئے پلیٹ فارم کو ہندوستان کی تاریخ، جمہوری شعور اور سچائی تک آزاد رسائی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ دونوں رہنما اپنے بیانات میں اس بات پر متفق نظر آئے کہ پنڈت جواہر لال نہرو کی تحریریں نہ صرف ماضی کا ریکارڈ ہیں بلکہ ملک کے فکری و جمہوری سفر کا رہنما نقشہ بھی پیش کرتی ہیں۔

راہل گاندھی نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ نہرو کی تحریریں محض تاریخ نہیں بلکہ ہندوستان کے ارتقائی ضمیر کی عکاس ہیں۔ ان کے مطابق جو بھی شخص ملک کی جمہوری جدوجہد، اس کے حوصلے اور خوابوں کو سمجھنا چاہتا ہے، اسے نہرو کے الفاظ میں ایک مضبوط رہنمائی ملے گی۔ انہوں نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ یہ پورا ذخیرہ اب عوام کے لیے کھلا، تلاش کے قابل اور بالکل مفت دستیاب ہے۔ راہل گاندھی نے اس پلیٹ فارم کے مسلسل وسعت پانے کا بھی ذکر کیا اور محققین سے اسے ضرور دیکھنے کی اپیل کی۔


اسی موضوع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی اپنی رائے ظاہر کی۔ انہوں نے نہرو کے ایک مشہور قول، ’حقائق حقائق ہی رہتے ہیں، وہ آپ کی پسند ناپسند سے غائب نہیں ہو جائیں گے (انگریزی ترجمہ)‘ کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں جہاں تاریخ کو دانستہ مسخ کرنے، غلط معلومات پھیلانے اور گمراہ کن بیانیوں کا رجحان بڑھ رہا ہے، وہاں نہرو کی تحریروں کو ڈیجیٹل صورت میں محفوظ کرنا نہایت ضروری قدم ہے۔ ان کے مطابق یہ آرکائیو آنے والی نسلوں کو سچائی پر مبنی تاریخی مواد تک آسان رسائی فراہم کرے گا۔

خیال رہے کہ ’نہرو آرکائیو‘ ویب پورٹل پر 100 جلدوں پر مشتمل نہرو کی منتخب تحریریں ایک جگہ جمع کی گئی ہیں، جن میں 35,043 دستاویزات اور 3,000 سے زائد تصاویر شامل ہیں۔ یہ تمام مواد مفت ڈاؤنلوڈ کے لیے دستیاب ہے۔ جواہر لال نہرو میموریل فنڈ (جے این ایم ایف) اس ذخیرے کو مرحلہ وار مزید وسعت دینے جا رہا ہے۔ اگلے مرحلے میں نہرو کو لکھے گئے خطوط، آڈیو ویزوئل مواد، اصل کتابوں کے ایڈیشن اور دیگر مطبوعات کو بھی شامل کیا جائے گا۔

کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش کے مطابق اس آرکائیو میں 75,000 سے زائد صفحات شامل ہیں، جب کہ دنیا بھر کے آرکائیوز سے رابطے کا عمل جاری ہے تاکہ نہرو سے متعلق مزید تاریخی مواد جمع کیا جا سکے۔ جے این ایم ایف کے مطابق 300 موضوعات پر مشتمل سرچ سسٹم کو مستقبل میں 1,000 موضوعات تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔


نہرو کی ہندی تقاریر، ان کے ڈائری نوٹس، انتظامی فائلوں پر ان کی نوٹنگ، خط و کتابت اور دیگر بے شمار دستاویزات محققین، طلبا اور مورخین کے لیے قیمتی سرمایہ ثابت ہوں گی۔ 1920 سے 1960 کے درمیان ہندوستان کی سیاسی و سماجی تاریخ کو سمجھنے والوں کے لیے یہ ڈیجیٹل آرکائیو ایک بنیادی ماخذ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے کے مشترکہ مؤقف نے واضح کر دیا ہے کہ نہرو آرکائیو کا ڈیجیٹل آغاز صرف ایک تکنیکی پیش رفت نہیں بلکہ سچائی، تاریخ اور جمہوری ورثے کے تحفظ کی مضبوط علامت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔