نیٹ یو جی 2025 کے نتائج کا اعلان، راجستھان کے مہیش کمار کا ملک بھر میں اول مقام
نیٹ یو جی 2025 کے نتائج جاری، راجستھان کے مہیش کمار نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 22 لاکھ میں سے 12.36 لاکھ امیدوار کامیاب، یوپی سے سب سے زیادہ امیدوار کامیاب ہوئے

نئی دہلی: قومی اہلیتی و داخلہ امتحان (نیٹ یو جی) 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ راجستھان کے مہیش کمار نے اس سال ملک بھر میں اول پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس امتحان میں مجموعی طور پر 22 لاکھ سے زائد امیدوار شریک ہوئے تھے، جن میں سے 12 لاکھ 36 ہزار سے زیادہ نے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔
قومی ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے مطابق، امتحان کے نتائج نیٹ کی آفیشل ویب سائٹ (neet.nta.nic.in) پر دستیاب ہیں، جہاں امیدوار اپنا اسکور کارڈ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ نتائج سے قبل این ٹی اے نے حتمی جوابی کنجی (فائنل آنسر کی) جاری کی تھی۔
امسال ٹاپ 10 میں 9 لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہیں۔ مہیش کمار کے بعد مدھیہ پردیش کے اُتکرش اودھیا نے دوسرا مقام حاصل کیا، جبکہ مہاراشٹر کے کرشانگ جوشی اور دہلی کے مرنال کمار جھا بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔ لڑکیوں میں دہلی کی اویکا اگروال نے سب سے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچواں مقام حاصل کیا۔
این ٹی اے کے مطابق سب سے زیادہ کامیاب امیدوار اتر پردیش سے ہیں جن کی تعداد 1.70 لاکھ سے زائد ہے۔ دوسرے نمبر پر مہاراشٹر (1.25 لاکھ سے زائد) اور تیسرے پر راجستھان (1.19 لاکھ سے زائد) ہے۔
2025 کے مقابلے میں گزشتہ سال زیادہ امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ پچھلے سال 23.33 لاکھ امیدواروں میں سے 13.15 لاکھ نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سال کامیابی کا تناسب قدرے کم رہا ہے، مگر میرٹ لسٹ میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ یاد رہے کہ نیٹ یو جی امتحان 4 مئی 2025 کو منعقد کیا گیا تھا۔ اس امتحان کے نتائج نہ صرف ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسز میں داخلے کے لیے اہم ہیں بلکہ آیوش (آیوروید، یونانی، سدھ، ہومیوپیتھی) کورسز کے لیے بھی انہیں بنیاد بنایا جاتا ہے۔
ملک بھر کے میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے نیٹ یو جی کو واحد امتحان تصور کیا جاتا ہے۔ اس وقت ملک میں تقریباً 1 لاکھ 8 ہزار میڈیکل نشستیں دستیاب ہیں، جن میں تقریباً 56 ہزار سرکاری اداروں میں اور 52 ہزار نجی کالجوں میں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔