نیٹ پیپر لیک کیس: منیشا مندھارے کی راؤز ایونیو کورٹ میں پیشی، عدالت نے 14 دن کے سی بی آئی ریمانڈ پر بھیجا

پیپر لیک معاملے میں سی بی آئی نے ملک بھر میں کئی مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ اس دوران متعدد مشتبہ دستاویز، لیپ ٹاپ، بینک اسٹیٹمنٹس اور موبائل فون ضبط کیے گئے ہیں جبکہ 9 ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>راؤز ایونیو کورٹ / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے نیٹ پیپر لیک معاملے کی ملزمہ پونے (مہاراشٹر) کی سینئر باٹنی ٹیچر منیشا گروناتھ مندھارے کو 14 دن کی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ ہفتہ کے روز سی بی آئی نے اس معاملے کی کلیدی ملزم حیاتیات کی لیکچرر منیشا گروناتھ مندھارے کو وسیع پوچھ گچھ کے بعد دہلی سے گرفتارکیا تھا۔ وہ نیٹ یو جی 2026  کے پیپر لیک میں شامل تھی۔

ملزم لیکچرر منیشا مندھارے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی نیٹ-یوجی  پیپر-سیٹنگ  کمیٹی کا حصہ تھی۔ تحقیقاتی ایجنسی نے اس پورے سنڈیکیٹ کے ماسٹر مائنڈ  پروفیسر پی وی کلکرنی اور دیگر ملزمین سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر منیشا کو گرفتار کیا تھا۔ افسران کے مطابق منیشا مندھارے کو این ٹی اے کی جانب سے ایک ماہر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں باٹنی اور زولوجی کے سوالناموں تک مکمل رسائی دی تھی۔


الزام ہے کہ منیشا مندھارے  نے اپریل 2026 میں امتحان سے پہلے پونے کی منیشا واگھمارے (جسے 14 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا) کے ذریعے امیدواروں کو اکٹھا کیا گیا اور اپنے پونے واقع رہائش گاہ پر ان کے لیے خفیہ کوچنگ کلاسز چلائیں۔  اس دوران مندھارے نے منتخب طلباء کو لیک ہونے والے سوالات اور ان کے جوابات لکھوائے جس کے عوض ان سے لاکھوں روپے وصول کیے تھے۔ یہ سوالات 3 مئی کو منعقد ہوئے امتحان میں مکمل طور پر صحیح جوابات سے مماثل تھے۔ اس سے قبل جمعہ کو لاتور سے کیمسٹری کے ماہر پروفیسر پی وی کلکرنی کو بھی گرفتار کیا تھا، جو برسوں سے نیٹ کا پیپر سیٹ کرنے والے پینل میں شامل تھے۔ کلکرنی نے بھی اپنے خصوصی اختیارات کا فائدہ اٹھاکر اپریل کے آخری ہفتے میں طلباء کو اپنے گھر بلا کر سوالات و جوابات یاد کرائے تھے۔

واضح رہے کہ سی بی آئی نے اس کے علاوہ بھی ملک بھر میں کئی مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ اس کارروائی کے دوران متعدد مشتبہ دستاویزات، لیپ ٹاپ، بینک اسٹیٹمنٹس اور موبائل فون ضبط کیے گئے ہیں۔ قبضے میں لیے گئے مواد کا تفصیلی تجزیہ کیا جارہا ہے۔ اس سنسنی خیز معاملے میں اب تک 9 ملزمین کو دہلی، جے پور، گروگرام، ناسک، پونے اور اہلیہ نگر سے گرفتار کیا جاچکا ہے۔ غور طلب ہے کہ اس پیپر لیک معاملے کے بعد حکومت کو چوطرفہ  تنقید کا نشانہ بناکر مرکزی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان سے استعفیٰ لینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس پیپر لیک کی وجہ سے ہزاروں طلبا کا مستقبل تاریک ہوگیا ہے جس کی ذمہ داری حکومت کو لینا چاہئے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔