طارق انور نے چھوڑا شرد پوار کا ساتھ، تھام سکتے ہیں کانگریس کا ہاتھ

این سی پی کے سینئر رہنما اور پارٹی کے جنرل سکریٹری طارق انور نے پارٹی کی بنیادی رکنیت اور لوک سبھا سے استعفی دے دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

28 Sep 2018, 10:52 AM

این سی پی سربراہ شرد پوار کے ذریعہ رافیل مدے پر مودی کو کلین چٹ دینے کے ایک دن بعد ان کی پارٹی کے سینئر رہنما و پارٹی کے جنرل سکریٹری اور پارٹی کے مسلم چہرہ رہے طارق انور نے پارٹی سے استعفی دے دیا ہے۔

واضح رہے شرد پوار نے ایک دن پہلے رافیل مدے پر وزیر اعظم مودی کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم کی نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا۔ شرد پوار کے اس بیان کا بی جے پی کے صدر امت شاہ نے استقبال بھی کیا تھا۔ شرد پوار کا یہ بیان اس وقت آیا تھا جب حزب اختلاف کی جانب سے عظیم اتحاد بنانے کی بات ہو رہی تھی۔ واضح رہے اس سے پہلے شرد پوار مستقل مودی حکومت کی تنقید کرتے رہے ہیں۔

طارق انور کٹیہار سے رکن پارلیمنٹ ہیں اور سال 1999 سے جب سے این سی پی کا قیام عمل میں آیا تھا تب سے وہ این سی پی کے رکن رہے ہیں۔ وہ اس پارٹی کے تاسیسی ارکان میں سے ایک ہیں۔ شرد پوار، طارق انور اور پی اے سنگما نے سونیا گاندھی کے بیرون ملک کا مدا اٹھایا تھا اور اس مدے پر پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ ذرائع کی بات مانی جائے تو وہ اب دوبارہ کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے طارق انور این سی پی کے دوسرے بڑے رہنما پرفل پٹیل کے کئی فیصلوں سے ناخوش رہے ہیں اور یہ کہا جاتا رہا ہے کہ پرفل پٹیل کی بی جے پی سے زیادہ نزدیکیاں ہیں۔ طارق انور کے اس فیصلہ سے ان کو سیاسی طور پر فائدہ ہوگا اور اس سے کہیں نہ کہیں حزب اختلاف بھی مضبوط ہوگا۔ فی الحال طارق انور بہار میں ہیں اور وہ کل دہلی آئیں گے۔ طارق انور نے اس سے قبل اسی ماہ رافیل مدے پر حکومت کے خلاف ٹوئٹ بھی کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔