شرد پوار کا ایک نیا انکشاف، اجیت پوار-دیویندر فڑنویس کی گفتگو سے وہ واقف تھے!

شرد پوار نے بتایا کہ فڑنویس اور اجیت پوار کے درمیان حکومت سازی کو لے کر گفتگو ہو رہی تھی، اسی لیے انھوں نے اجیت پوار کے 23 نومبر کو بی جے پی میں شامل ہونے کے سیاسی قدم سے خود کو دور کر لیا تھا۔

این سی پی سربراہ شرد پوار
این سی پی سربراہ شرد پوار
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کی حکومت بن گئی ہے، لیکن اس کے بعد بھی وہاں کا سیاسی ماحول گرم ہے۔ روزانہ کچھ نہ کچھ ایسے بیانات سامنے آ رہے ہیں جس نے سیاست میں گرمی برقرار رکھی ہوئی ہے۔ منگل کے روز این سی پی سربراہ شرد پوار نے ایک بار پھر ایسا بیان دیا جسے سن کر سبھی حیران ہیں۔ انھوں نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار کے درمیان چل رہی بات کی انھیں خبر تھی۔

شرد پوار نے بتایا کہ فڑنویس اور اجیت پوار کے درمیان حکومت سازی کو لے کر گفتگو ہو رہی تھی، اسی لیے انھوں نے اجیت پوار کے 23 نومبر کو بی جے پی میں شامل ہونے کے سیاسی قدم سے خود کو دور کر لیا تھا۔ اس سے قبل شرد پوار کے اس دعویٰ سے بھی سیاسی ہلچل پیدا ہو گئی تھی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ پی ایم مودی نے انھیں ساتھ مل کر کام کرنے کی تجویز پیش کی تھی، لیکن انھوں نے اسے مسترد کر دیا۔


فڑنویس اور اجیت پوار نے 23 نومبر کی صبح وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیا تھا، حالانکہ شیوسینا، این سی پی اور کانگریس نے اپنے اتحاد کو تقریباً آخری شکل دے دی تھی اور ادھو ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ عہدہ کا امیدوار قرار دے دیا گیا تھا۔ بعد میں کافی سیاسی اتھل پتھل کے بعد فڑنویس اور اجیت پوار دونوں کو ہی استعفیٰ دینا پڑا۔

بہر حال، شرد پوار نے اجیت پوار کو کابینہ میں شامل کرنے کے سوال پر کہا کہ ریاستی کابینہ کے سرمائی اجلاس کے اختتام کے بعد ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹر وکاس اگھاڑی حکومت میں اجیت پوار کو شامل کرنے سے متعلق این سی پی فیصلہ لے گی۔


منگل کے روز ایک نیوز چینل سے بات چیت کے دوران پوار نے مذکورہ باتیں کہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے مقابلے میں شیوسینا کے ساتھ اتحاد مشکل نہیں ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ان کے بھتیجے اجیت پوار نے پارٹی کے ساتھ بغاوت کی تھی کیونکہ مہاراشٹر میں کانگریس کے ساتھ جس طرح سے بات چیت چل رہی تھی، اس سے وہ ناراض تھے۔ کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کے درمیان تال میل بٹھانے والے پوار نے کہا کہ نظریاتی سطح پر الگ ہونے کے باوجود اتحاد کے درمیان پوری سمجھداری ہے۔ انھوں نے یقین دلایا کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں مہاراشٹر کی حکومت اپنی مدت کار پوری کرے گی۔

پی ایم نریندر مودی سے ہوئی بات چیت کا بھی تذکرہ منگل کے روز شرد پوار نے نیوزی چینل سے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے پی ایم مودی سے کہا تھا کہ ان کی پارٹی کے لیے بی جے پی کے ساتھ کام کرنا ممکن نہیں ہوگا۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے بی جے پی کے مقابلے میں شیوسینا کے ساتھ کام کرنا مشکل نہیں ہے۔ ہم وہ راستہ نہیں پکڑ سکتے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔