ریپبلک ٹی وی کو غلط الفاظ استعمال کرنے پر ’فل اسکرین معافی نامہ‘ نشر کرنے کا حکم

این بی ایس اے نے نیوز چینل ’ریپبلک ٹی وی‘ کو حکم دیا ہے کہ وہ ’جگنیش فلاپ شو‘ نامی پروگرام کے دوران ایک شادی شدہ جوڑے کے لیے غلط لفظ استعمال کرنے پر’فل اسکرین معافی نامہ‘ نشر کرے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

این بی ایس اے یعنی ’نیوز براڈکاسٹنگ اسٹینڈرڈس اتھارٹی‘ ایک خود مختار ادارہ ہے اور ٹی وی چینلوں پر نشر ہونے والے پروگراموں پر نظر رکھتی ہے اور تنازعہ کی حالت میں حکم نامہ جاری کرتی ہے۔ این بی ایس اے نے 30 اگست 2018 کوسنائے گئے اپنے فیصلہ میں کہا ہے کہ چینل کے اینکر ارنب گوسوامی کے ذریعہ اپنے شو کے دوران کیے گئے تبصرے غیر ضروری، غیر مدلل اور براڈکاسٹنگ اسٹینڈرڈس کی خلاف ورزی کی تھی۔ اسی بنیاد پر این بی ایس اے نے ریپبلک ٹی وی کو حکم دیا ہے کہ وہ 7 ستمبر کو چینل پر فل اسکرین معافی نامہ نشر کرے اور اس کی سی ڈی این بی ایس اے کو دستیاب کرائے۔

این بی ایس اے نے چینل کو این بی اے کے پیمانوں کی یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ذمہ داری چینل کی ہے کہ وہ ہر خبر کو نشر کرنے سے پہلے اس میں دکھائی گئی چیزوں کی جانچ کرے اور خبر جلد دکھانے کی ہڑبڑی میں غلط روش اختیار نہ کرے۔

این بی ایس اے کا حکم ایک شخص اے. سنگھ اور ان کی بیوی کی شکایت پر جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ چینل نے جنوری میں پارلیمنٹ اسٹریٹ پر ہوئی گجرات کے آزاد رکن اسمبلی جگنیش میوانی کی ریلی کے دوران چینل کے ایک رپورٹر کے ساتھ ہوئی بدسلوکی میں ان کا نام نشر کیا تھا۔

مسٹر اینڈ مسز سنگھ کا اعتراض تھا کہ اس پروگرام کے نشریہ کے دوران ان کے لیے استعمال کیے گئے لفظ گندے، بھدّے، جنس پرستانہ، غلط اور ملک مخالف تھے۔ اس شکایت کے جواب میں ریپبلک ٹی وی نے کہا تھا کہ اس پورے واقعہ کے دوران اسے اپنے رپورٹر کے تحفظ کی فکر تھی اور اس معاملے کی پولس سے شکایت بھی کی گئی تھی جس کی جانچ جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔