ملک تاناشاہی کی طرف بڑھ رہا ہے: لالو یادو

گزشتہ روز لالو پرساد یادو نے ملک کے مختلف شہروں سے پانچ حقوق انسانی کارکنوں کی گرفتاری پر کہا تھا کہ ملک تاناشاہی کی طرف بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے کسی بھی لیڈر کو کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

UNI
UNI
user

قومی آوازبیورو

رانچی: چارہ گھوٹالہ میں سزا کاٹ رہے آر جے ڈی (راشٹریہ جنتا دل) کے سربراہ اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے جمعرات کو رانچی کی سی بی آئی عدالت میں خود سپردگی کر دی۔ گزشتہ روز لالو پرساد یادو نے ملک کے مختلف شہروں سے پانچ حقوق انسانی کارکنوں کی گرفتاری پر کہا تھا کہ ملک تاناشاہی کی طرف بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے کسی بھی لیڈر کو کسی بھی وقت گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

لالو یادو جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت میں آج حاضر ہوئے۔ بدھ کے روز وہ جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے پانچ دانشوروں کو گرفتار کیا گیا ہے، جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ملک آمریت کی طرف بڑھ رہا ہے۔

لالو یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ان دنوں کہہ رہے ہیں کہ ان کوقتل کر دیا جائے گا۔ ملک کے وزیر اعظم کی جانب سے دیا گیا ایسا بیان اچھا نہیں لگتا ہے۔

آر جے ڈی صدر نے کہا کہ ’’علاج کے نام پر اسپتال میں رہنے کا میرا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ میرا رانچی کے راجندر انسٹیٹیوٹ (ریمس)، آل انڈیا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (ایمس) دہلی اور ممبئی کے اسپتال میں علاج چلا۔ اس دوران مختلف پریشانیوں کے لئے سرجری ہوئی۔ اس کے باوجود میں ابھی تک اچھا محسوس نہیں کر رہا ہوں۔‘‘

واضح رہے کہ لالو 10 مئی کو اپنے بیٹے تیج پرتاپ یادو کی شادی کے لئے ضمانت پر باہر آئے تھے جس کے بعد تقریباً 110 دن بعد وہ جیل لوٹ جائیں گے۔ لالو یادو کافی دنوں سے بیمار چل رہے ہیں اور ان کا علاج ممبئی میں چل رہا تھا۔ سرینڈر سے قبل لالو یادو نے کہا ’’مجھے عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے اور جو بھی عدالتی حکم ہوگا وہ اس پر عمل کریں گے۔‘‘ لالو نے کہا کہ ان کی کوئی خواہش نہیں ہے، حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریمس اسپتال میں سہولیات کا فقدان ہے۔

جمعرات کو خود سپردگی سے قبل لالو یادو نے جھارکھنڈ وکاس مورچہ (جے وی ایم) کے سربراہ بابو لال مرانڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد بابو لال مرانڈی نے کہا کہ ’’سیاسی وجوہات سے بی جے پی لالو پرساد پر شکنجہ کس رہی ہے۔ اس حکومت کا بس چلے تو دلتوں کی آواز اٹھانے والوں پر گولی چلوا دے۔‘‘

گزشتہ 27 اگست کو لالو کی ضمانت کی مدت ختم ہو گئی تھی۔ لالو کی طرف سے مشروط ضمانت کی مدت میں 3 مہینے کی توسیع کی اپیل کی گئی تھی جسے عدالت نے نامنظور کر دیا تھا اور 30 اگست تک سی بی آئی عدالت میں ان کی خود سپردگی کا حکم دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Aug 2018, 12:07 PM