کشمیر: ’عزاداروں پر طاقت کا بے تحاشہ استعمال ناقابل قبول‘

ماتمی جلوسوں اور پروگراموں پر عائد کی جانے والی پابندی سراسر غیر جمہوری، غیر اخلاقی اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے نیز مذہبی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔

فائل تصویر سوشل میڈیا بشکریہ دی نیشن
فائل تصویر سوشل میڈیا بشکریہ دی نیشن
user

یو این آئی

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے محرم کے سلسلے میں نکالے جا رہے جلوسوں اور عزاداروں کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال کرنے اور انہیں گرفتار کر کے تھانوں میں بند کرنے کو مداخلت فی الدین سے تعبیر کرتے ہوئے سرکاری اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ جس طرح سے کل بڈگام کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی عزاداروں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا گیا، ٹیئر گیس شیلنگ اور فائرنگ کی گئی وہ ناقابل قبول ہے۔


انہوں نے بڈگام میں کرفیو کے نفاذ اور گھر سے باہر نکلنے والوں کو زد و کوب کرنے کے واقعات کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے اقدامات کے منفی نتائج سامنے آنے کے قوی امکانات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں اور پروگراموں پر عائد کی جانے والی پابندی سراسر غیر جمہوری، غیر اخلاقی اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے نیز مذہبی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔ ترجمان نے انتظامیہ پر زور دیا کہ پابندیوں کو ختم کر کے حسب قدیم عزاداروں کو جلوس نکالنے اور پروگراموں کے انعقاد کی اجازت دی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Aug 2020, 7:40 AM