اہم خبر: بابری مسجد معاملہ کی سماعت کو براہ راست نشر کرنے کی عرضی پر 16 ستمبر کو سماعت

سپریم کورٹ
سپریم کورٹ
user

قومی آوازبیورو

11 Sep 2019, 9:10 PM

بابری مسجد معاملہ کی سماعت کو براہ راست نشر کرنے کی عرضی پر 16 ستمبر کو سماعت

نئی دہلی: سپریم کورٹ کی طرف سے ایودھیا کے بابری مسجد معاملہ کی سماعت کو براہ راست نشر کرنے سے متعلق مفاد عامہ کی عرضی پر 16 ستمبر کو سماعت کی جائے گی۔ اس معاملہ میں عرضی گزار کے این گووندآچایہ کی طرف سے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ کے سامنے خاص طور سے ذکر کیاگیا، جس پر عدالت عظمی نے کہا کہ وہ اس پر 16ستمبر کو سماعت کریگی۔

گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے کہاتھا، یہ انتہائی حساس معاملہ ہے۔ آرایس ایس کے سابق نظریہ ساز کے این گووندآچاریہ کی عرضی میں بابری مسجد معاملہ کی سماعت کو براہ راست نشر یا ریکارڈنگ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

گووندآچاریہ نے عرضی میں کہاہے کہ یہ معاملہ قومی اہمیت کا حامل ہے۔ عرضی گزار سمیت کروڑوں لوگ اس سماعت کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ انھوں نے ستمبر 2018 کے عدالت عظمی کے اس حکم کا حوالہ دیاہے جس میں اہم آئینی معاملوں کی سماعت کو براہ راست نشر کرنے کی بات کہی گئی تھی۔

11 Sep 2019, 7:10 PM

سہارنپور میں امبیڈکر کے مجسمے کو توڑنے کے معاملے میں پتھراؤ، کئی زخمی

سہارنپور، 11 ستمبر ( یواین آئی) اترپردیش میں سہارنپور دیہات کوتوالی علاقے کے گونا گاؤں میں شرپسند عناصر نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈ کر کا مجسمہ توڑ دیا ۔ اس کے بعد مشتعل لوگوں نے سڑک پر جام لگا کر پتھراؤ کیا، اس واقعہ میں پولیس اہلکاروں سمیت تقریبا 12 افراد کے زخمی ہوئے ہے ۔انتظامیہ نے توڑے گے مجسمے کی جگہ نیا مجسمہ نصب کرا دیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے شکمبری دیو ی مارگ پر جام لگانے ، عقیدمندوں اور پولیس پر پتھراؤکرنے کے معاملے میں انچارج انسپکٹر منیندر سنگھ کی جانب سے 77 نامزداور 400 نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج کیا ہے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (سٹی) مکیش چندر شرما نے بدھ کو یہاں بتایا کہ پولیس اور خفیہ ایجنسیاں شرپسند عناصر کی نشاندہی کرنے کے کام میں مصروف ہیں ، جن لوگوں کو پولیس نے مقدمے میں نامزد کیا ہے ان میں اس گاؤں کا درجہ فہرست ذات کا نریش کمار ولد سنگارو بھی شامل ہے ۔ اسی نے پولیس کو گاؤں میں نصب مجسمہ کو توڑے جانے کی اطلاع بھی دی ۔ انہوں نے بتایا کہ سماج دشمن عناصر نے مجسمہ توڑا، تشدداور ہنگامہ کیا ،انہیں کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا ۔ مجسمہ توڑے جانے کی خبر پولیس کو منگل کو موصول ہو ئی تھی ۔ انتظامیہ نے اسی مقام پر امبیڈ کر کا نیا مجسمہ نصب کرا دیا تھا ۔ اس کے باوجود گاؤں کے درجہ فہرست ذات کے لوگوں نے ماحول خراب کرنے کا کام کیا ۔ پولیس اورعام لوگوں سمیت دس سے زائد افراد پتھراؤ میں زخمی ہو گئے تھے ۔ پولیس نے طاقت کا استعمال کرکے فسادیوں کو منتشرکر دیا ۔ مسٹر شرما نے بتایا کہ نامزد ملزم اور مشکوک شرپسند عناصر فرار ہیں ۔ پولیس ان کی سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے ۔

11 Sep 2019, 6:10 PM

نئے موٹر وہیکل ایکٹ کے خلاف یوتھ کانگریس کا گڈکری کی رہائش پر مظاہرہ

نئے موٹر وہیکل ایکٹ کے خلاف ملک میں کئی شہروں میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔ دہلی میں یوتھ کانگریس کی طرف سے موٹر وہیکل ایکٹ کی ترامیم کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین مرکزی وزیر نتن گڈکری کی رہائش گاہ پر پہنچے اور نعرے بازی کی۔ پولس نے اس دوران مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی اور لگاتار انہیں پیچھے ہٹنے کے لئے کہتی رہی۔


11 Sep 2019, 5:10 PM

فلم انشاءاللہ‘ سلمان کی جگہ ریتک کو ملنے کا امکان

ممبئی: مشہور اداکار ریتک روشن ،سنجے لیلا بھنسالی کی فلم انشاء اللہ میں کام کرتے نظر آسکتے ہیں۔ بالی ووڈ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی، سلمان خان اور عالیہ بھٹ کو لے کر فلم انشاء اللہ بنانے والےتھے۔ جب سے سلمان خان نے یہ پروجیکٹ چھوڑا ہے،سلمان کی جگہ دوسرے اداکارکےلینےکی خبر سرخیوں میں ہے۔اس دوران ایسی بھی خبریں آئیں کہ بھنسالی نے پروجیکٹ ہی بند کردیا ہے،لیکن انشاء اللہ بن رہی ہے اور عالیہ ابھی بھی اس فلم کا حصہ ہیں۔

سلمان خان کی جگہ اس فلم میں شاہ رخ خان اور رنویر سنگھ کا نام بھی سامنے آیا لیکن اب اس فہرست میں ریتک روشن کا نام بھی جڑ گیا ہے۔کہا جارہا ہے کہ ریتک روشن حال ہی میں سنجے لیلابھنسالی سے ملے۔کہا جارہا ہے کہ یہ ملاقات انشاء اللہ کے سلسلے میں ہوسکتی ہے۔دوسری جانب عالیہ کو بھی بھنسالی کے دفترسے خوش ہوکر نکلتے ہوئے دیکھا گیاہے۔ریتک روشن اس سے پہلے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم گزارش میں کام کرچکے ہیں۔

11 Sep 2019, 4:09 PM

اتر پردیش: علاج کے دوران اجتماعی عصمت دری کی شکار لڑکی کا انتقال

گزشتہ 5 ستمبر کو اجتماعی عصمت دری کے بعد چلتی ٹرین کے آگے پھینکی گئی متاثرہ کی آج یعنی 11 ستمبر کو موت ہو گئی۔ اس کا بریلی ضلع اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔ اجتماعی عصمت دری کے بعد ٹرین سے پھینکے جانے کے سبب متاثرہ کی حالت کافی سنگین ہو گئی تھی اور اسے بدایوں سے بریلی کے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ موت سے پہلے متاثرہ نے جو بیان دیا ہے اس سے کسی کے بھی رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے۔ حیرت ہے کہ اس معاملے میں پولس نے آخر تک نہ تو اس کا بیان درج کیا اور نہ ہی کوئی ایف آئی آر لکھی۔


11 Sep 2019, 3:05 PM

وزیر اعلیٰ کیجریوال کا بڑا اعلان ’سرکاری اسپتالوں میں ختم ہوگا وی آئی پی کلچر‘

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اسپتالوں سے وی آئی پی کلچر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ میں نے محکمہ صحت کو سرکاری اسپتال میں وی آئی پی کلچر ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔ اب دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں وی آئی پی کمرے نہیں ملیں گے۔ سبھی شہریوں کو یکساں علاج ملے گا، لیکن یہ سب سے بہتر ہوگا۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی حکومت نے اسپتالوں میں 13899 بیڈ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دہلی کے سرکاری اسپتالوں کے موجودہ بیڈ کی تعداد سے 120 فیصد زیادہ ہے۔ ابھی دہلی میں 11353 بیڈ ہیں۔

11 Sep 2019, 1:59 PM

2 اکتوبر تک ہندوستان ’سنگل یوز پلاسٹک‘ سے پاک ہو جائے گا: پی ایم مودی

’سنگل یوز پلاسٹک‘ یعنی ایسا پلاسٹک جسے ’ری سائیکل‘ نہیں کیا سکتا، اس کے خلاف پی ایم مودی نے تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کو ختم کرنے کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے پی ایم مودی نے بدھ کے روز متھرا میں بڑا اعلان کیا۔ انھوں نے ملک کے باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 2 اکتوبر تک اپنے گھروں اور دفتروں وغیرہ کو سنگل یوز پلاسٹک سے پاک کر لیں۔


11 Sep 2019, 1:05 PM

ملازمت، سرمایہ کاری اور تجارت میں زبردست گراوٹ، اس سے باہر نکلنے کا منصوبہ کہاں ہے: چدمبرم

سابق مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم نے معیشت سے متعلق مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پی چدمبرم نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مجھے معیشت کی گہری فکر ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’غریب لوگ سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ کم آمدنی، کم ملازمت، کم تجارت اور کم سرمایہ کاری غریب اور متوسط طبقہ کو متاثر کرتے ہیں۔ ملک کو اس گراوٹ اور مایوسی سے باہر نکالنے کا منصوبہ کہاں ہے؟‘‘

11 Sep 2019, 12:05 PM

آندھرا پردیش: ’چلو اتماکورو‘ ریلی میں نہیں جا سکے چندرا بابو نائیڈ، پولس نے گھر میں کیا قید

آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کو پولس نے ان کے گھر میں ہی نظر بند کر دیا ہے۔ اس کے بعد بھی وہ پچھلے دروازے سے نکل کر ’چلو اتماکورو‘ ریلی میں شامل ہونے کے لیے نکل رہے تھے۔ لیکن پولس نے انھیں جانے نہیں دیا اور گھر میں قید کر دیا ہے۔ ان کے گھر کے صدر دروازے پر پولس نے پہلے ہی تالا لگا دیا ہے اور انھیں نکلنے سے منع کر دیا ہے۔


11 Sep 2019, 11:09 AM

جھارکھنڈ: سبزی چوری کے شبہ میں دو بہنوں کی زبردست پٹائی

جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں کچھ لوگوں کے ذریعہ سوبا گاؤں کی دو سگی بہنوں کے ساتھ بربریت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ دونوں کو سبزی چور بتا کر درخت سے باندھ کر ان کی زبردست پٹائی کی گئی ہے۔ اس پٹائی کے بعد بھی جب لوگوں کا دل نہیں بھرا تو دونوں خواتین کے بالٹ کاٹ دیے۔ معاملہ بڑھمو کے ٹھاکر گاؤں تھانہ حلقہ کا ہے۔ دونوں بہنوں کی شناخت سالو دیوی اور بالو دیوی کی شکل میں ہوئی ہے جو بڑھمو ڈویژن کے بترو گاؤں کی رہنے والی ہیں۔ دونوں بہنیں سبزی کا کاروبار کرتی ہیں۔ فی الحال دونوں کو سنگین حالت میں ریمس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

11 Sep 2019, 10:09 AM

اتر پردیش: بدایوں میں لوٹ کی مزاحمت کرنے پر 60 سالہ شخص کا گولی مار کر قتل

بدایوں: اترپردیش میں بدایوں کے اوجھانی علاقے میں بدھ کی صبح بدمعاشوں نے لوٹ مار کے خلاف مزاحمت کرنے پر ایک شخص کو گولی مار کر قتل کر دیا اور تقریباً ساڑھے سات ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ یہ اطلاع پولیس ذرائع نے آج یہاں دی۔ ذرائع نے بتایا کہ جمرولی رہائشی كنورپال اور کرپال کسی کام سے رائے بریلی گئے تھے۔ وہ لوگ بس سے علی الصبح چار بجے رائے بریلی سے اوجھانی اترے تھے۔ دونوں کو لینے کے لئے كنورپال کے والد آنندپال موٹر سائیکل سے اوجھانی پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ جب تینوں موٹر سائیکل پر جمرولی جانے لگے اسی وقت چار بدمعاش آئے اور ان لو گوں سے طمنچے کی نوک پر لوٹ مار کرنے لگے۔ مزاحمت کرنے پر بدمعاشوں نے 60 سالہ آنندپال کو گولی مار دی اور تقریباً ساڑھے سات ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ سنگین حالت میں آنندپال کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی موت ہو گئی۔ پولس بدمعاشوں کی سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے۔


11 Sep 2019, 9:08 AM

ٹی ڈی پی سربراہ چندرا بابو نائیڈو اور ان کے بیٹے کو نظر بند کیا گیا

تیلگو دیشم پارٹی کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو اور ان کے بیٹے نارا لوکیش کو نظر بند کیے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق چندرا بابو نائیڈو برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس کی مبینہ شہ پر ہو رہے حملوں کے خلاف آج احتجاجی مارچ نکالنے والے تھے، لیکن اس سے پہلے ہی ریاستی حکومت نے انھیں نظر بند کر دیا۔ ساتھ ہی ریاستی انتظامیہ نے ریاست میں نرسراوپیٹا، ستنپلے، پالناڈو اور گرجلا علاقے میں دفعہ 144 بھی نافذ کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔