اہم خبر: این ڈی اے کی میٹنگ میں شامل نہیں ہوگی شیو سینا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

16 Nov 2019, 10:13 PM

این ڈی اے کی میٹنگ میں شیو سینا شامل نہیں ہوگی

ممبئی: شیو سینا کے مرکزی وزیر اروند ساونت کے استعفی کے بعد پارٹی نے آج کہا کہ پارلیمنٹ اجلاس سے قبل کل اتوار کو نئی دہلی میں ہونے والی این ڈی اے کی میٹنگ میں شیو سینا کے ممبران پارلیمنٹ شرکت نہیں کریں گے۔ پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ”نہیں ہم میٹنگ میں شامل نہیں ہوں گے۔“

اس معاملے میں ریاستی بی جے پی کے ترجمان مادھو بھنڈاری سے جب سوال کیا گیا تو انہوں نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا اور میڈیا سے کہا کہ شیوسینا سے پوچھیے کہ وہ این ڈی اے کی میٹنگ میں حصہ کیوں نہیں لے گا۔

16 Nov 2019, 6:52 PM

خلیج بنگال میں ایک اور طوفان، کئی ریاستوں سے ٹکرانے کا اندیشہ

کولکاتا: ’’بلبل طوفان‘‘ کی تباہی کے اثرات سے ابھی ابھرنا باقی ہی تھا کہ خلیج بنگال میں ایک اور طوفان نے دستک دے دی ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے جلد ہی ہندوستان کی کئی ریاستوں سے ٹکرا سکتا ہے تاہم طوفان کی شدت کا اب تک صحیح اندازہ نہیں لگایا گیا ہے۔

7نومبر کو بڑی شدت والا طوفان بلبل خلیج بنگال سے ٹکرایا تھا۔ اگرچہ یہ طوفان سندر بن علاقے سے 120کلو میٹر قبل ہی اس کی شدت ختم ہوگئی تھی تاہم اس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بنگال کے کئی اضلاع میں تباہی آئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دنوں ایک اور طوفان ’’نکری‘‘ بنگال کے ساحلی علاقوں سے ٹکراسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نکری طوفان آندھرا پردیش، اڑیسہ اور بنگال کے اضلاع سے ٹکرا سکتا ہے۔ مگر اب تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ یہ طوفان ہندوستان سے کب ٹکرائے گا۔ ذرائع کے مطابق یہ طوفان میانمار سے ٹکرانے کے بعد ہندوستان کی ریاستوں سے ٹکرائے گا۔ میانمار، تھائی لینڈ اور ویت نام میں اس طوفان کی وجہ سے بارش ہو رہی ہے۔

16 Nov 2019, 5:11 PM

اسدالدین اویسی دوسرے ذاکر نائک بن رہے ہیں: بابل سپریو

مغربی بنگال سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بابل سپریو نے اسدالدین اویسی کے ذریعہ دیے گئے بیانوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انھیں دوسرا ذاکر نائک قرار دیا ہے۔ بابل سپریو نے کہا کہ اویسی کے بیانات تشدد آمیز ہوتے ہیں اور اگر وہ ضرورت سے زیادہ بولتے ہیں تو ہم یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہمارے ملک میں ایک نظام قانون ہے۔


16 Nov 2019, 4:15 PM

اقبال انصاری نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی میٹنگ سے کیا کنارہ

بابری مسجد اور رام جنم بھومی مقدمہ میں مسلم فریق انصاری نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی لکھنؤ میں منعقد ہونے والی میٹنگ کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اقبال انصاری کا کہنا ہے کہ وہ اب اس معاملے کو مزید بڑھانا نہیں چاہتے ہیں۔ اس پر آیا سپریم کورٹ کا فیصلہ ہی سب سے اوپر ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پورے ملک میں امن کا ماحول رہے۔ اس دوران انھوں نے ملک کے باشندوں سے امن اور آپس میں مل جل کر رہنے کی اپیل بھی کی۔

16 Nov 2019, 3:47 PM

اندور ٹسٹ: ہندوستان نے بنگلہ دیش کو ایک اننگ اور 130 رن سے دی شکست

اندور ٹسٹ میں ہندوستان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو ایک اننگ اور 130 رنوں کی شکست فاش دی۔ ہندوستان کی جانب سے محمد شامی نے سب سے زیادہ 4 وکٹ لیے جب کہ 3 وکٹ روی چندرن اشون کو اور 2 وکٹ امیش یادو کو ملے۔ ایشانت شرما کو ایک وکٹ حاصل ہوا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے 64 رن بنائے۔


16 Nov 2019, 3:21 PM

دہلی میں ہونے والی این ڈی اے کی میٹنگ میں شامل نہیں ہوگی شیوسینا

شیوسینا نے واضح کر دیا ہے کہ دہلی میں منعقد ہونے والی این ڈی اے کی میٹنگ میں وہ شامل نہیں ہوگی۔ شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر کی سیاست میں مچی ہلچل کے درمیان شیوسینا اور بی جے پی میں تلخیاں لگاتار بڑھ رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ شیوسینا نے خود کو این ڈی اے سے بالکل الگ تھلگ کر لیا ہے۔

16 Nov 2019, 1:04 PM

گوا میں جنگی جہاز مگ-29 حادثہ کا شکار

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ہندوستانی بحریہ کے ذرائع سے یہ خبر دی ہے کہ ٹریننگ سے جڑا مگ-29 جنگی جہاز پرواز بھرنے کے فوراً بعد گوا میں حادثہ کا شکار ہو گیا ہے۔ اس حادثہ میں دونوں پائلٹ محفوظ باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔


16 Nov 2019, 12:10 PM

اندور ٹسٹ: بنگلہ دیش کی دوسری اننگ بھی لڑکھڑائی، لنچ تک اسکور 4 وکٹ پر 60 رن

پہلی اننگ میں 150 رن پر سمٹ جانے والی بنگلہ دیش کی دوسری اننگ بھی لڑکھڑا گئی ہے۔ آج صبح بلے بازی کے لیے اتری بنگلہ دیش کی ٹیم کو پہلے تو امیش یادو نے جھٹکا دیا اور پھر جلد ہی ایشانت کمار کو بھی ایک وکٹ مل گیا۔ اس کے بعد محمد شامی نے دو وکٹ آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو بیک فٹ پر دھکیل دیا ہے۔ اس وقت تیسرے دن کا لنچ ہو چکا ہے اور بنگلہ دیش کا اسکور 60 رن پر 4 وکٹ ہے۔ بنگلہ دیش اب بھی ہندوستان کی پہلی اننگ کے اسکور سے 283 رن پیچھے چل رہی ہے۔ محمد شامی نے اس اننگ میں 5 اوور میں محض 8 رن دے کر 2 وکٹ لے لیے ہیں۔ میدان میں محمود اللہ اور مشفق الرحیم جمے ہوئے ہیں۔

16 Nov 2019, 10:39 AM

بہار: موتیہاری کے ایک این جی او میں دھماکہ، 4 افراد ہلاک، 5 سے زائد زخمی

بہار کے موتیہاری واقع سگولی میں ایک این جی او کے باورچی خانے میں علی الصبح دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے میں چار لوگوں کی موت ہو گئی اور پانچ سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


16 Nov 2019, 9:47 AM

کچھ لوگوں کو مہاراشٹر میں نئے فارمولے کے بعد پیٹ میں درد ہو رہا ہے: شیوسینا

مہاراشٹر میں بی جے پی کے ذریعہ دوبارہ حکومت بنانے کا دعویٰ کرنے پر شیوسینا نے حملہ بولا ہے۔ شیوسینا نے اپنے ترجمان ’سامنا‘ میں کہا کہ مہاراشٹر میں نئے فارمولے سے کچھ لوگوں کے پیٹ میں درد شروع ہو گیا ہے۔ یہ حملہ شیوسینا نے بی جے پی لیڈر منگنٹیوار کے اس بیان کے بعد دیا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بی جے پی جلد ایک مستحکم حکومت بنائے گی اور اس کے بغیر ریاست میں حکومت سازی ممکن نہیں۔

16 Nov 2019, 8:54 AM

کیرالہ: آج کھلیں گے سبریمالہ مندر کے دروازے، سیکورٹی انتہائی سخت

کیرالہ میں آج سبریمالہ مندر کے دروازے ایک بار پھر کھولے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی مینڈلا پوجا کی شروعات ہو جائے گی۔ سبریمالہ میں سیکورٹی انتظامات بہت سخت کر دیے گئے ہیں۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے جمعرات کو سبریمالہ فیصلے پر نظرثانی عرضی کو بڑی بنچ کے حوالے کر دیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ سبریمالہ مندر میں پرانی روایت رہی ہے کہ وہاں 10 سال سے 50 سال کی عمر کی خواتین کو داخلہ نہیں دیا جاتا ہے۔ لیکن سپریم کورٹ نے اس معاملہ میں ایک فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ سبھی عمر کی خواتین کو سبریمالہ مندر میں جانے کی اجازت ہونی چاہیے۔ اس فیصلہ کے بعد سے بھگوان ایپّا کو ماننے والے لوگ کافی ناراض ہوئے اور سڑکوں پر فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ واپس لیا جانا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔