کوئی شخص کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، ملک وسماج کی طاقت کے سامنے نہیں ٹھہر سکتا: شردپوار

شرد پوار نے یہ بات بی جے پی، ونچت بہوجن اگھاڑی اور آرپی آئی کے کئی لیڈران وعہدیداران کی این سی پی میں شمولیت کے موقع پر کہی۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

بی جے پی ایک مفسدانہ نظریے کی حامل پارٹی ہے جس کا عوامی فلاح وبہبود سے کوئی تعلق نہیں ہے۔افسوس کی بات یہ ہے کہ آج ملک کا اقتدار انہیں لوگوں کے ہاتھوں میں ہے جو خودکو ملک اور سماج سے زیادہ طاقتور سمجھتے ہیں، لیکن ایسے لوگوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہوجائے ملک وسماج کی طاقت کے سامنے وہ نہیں ٹھہر سکتا۔یہ باتیں این سی پی کے قومی سربراہ شردپوار نے مہاراشٹرا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکہنے والے بی جے پی، ونچت بہوجن اگھاڑی اور آرپی آئی کے کئی لیڈران وعہدیداران کی این سی پی میں شمولیت کے موقع پر کہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔ یہ اتار چڑھاؤ بعض اوقات بلندی کی طرف لے جاتے ہیں تو کبھی پستی کی طرف پہنچادیتے ہیں۔لیکن بلندی ملنے کے بعد اگرکسی کے دماغ میں تکبربھرجاتا ہے تو پھر چاہے کوئی ہو اور کتنا ہی طاقتور شخص کیوں نہ ہو ملک وسماج کی طاقت کا وہ مقابلہ نہیں کرسکتا۔


شرد پوار نے کہا کہ اگر آپ اتر پردیش میں پچھلے ہفتے کی تصویر دیکھیں تو بی جے پی لیڈر 15 دن پہلے کہہ رہے تھے، اتر پردیش میں فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہےلیکن آج وہی بی جے پی ہے جسے لوگ چھوڑچھوڑ کر جارہے ہیں۔ پارٹی چھوڑنے والوں میں وزرا اور ایم ایل اے بھی شامل ہیں۔ یہ تصویر گوا میں بھی سامنے آنے لگی ہے۔

ریاستی ان سی پی کے صدر جینت پاٹل کے بارے میں شردپوار نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جینت راؤ پاٹل کی قیادت میں ریاست میں نئی پیڑھی زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ساتھ این سی پی کو ایک موثر پارٹی بنانے کی کوشش کریں گے۔شردپوار نے کہا کہ 14 جنوری میرے دل میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ اس دن مراٹھواڑہ یونیورسٹی کا نام بدلنے کے فیصلے پر میرے دستخط ہوئے تھے۔اسی موقع پر آج ریاستی دفتر میں بہت سے لوگ این سی پی میں شامل ہو رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */