چوکیدار چوربھی ڈرپوک بھی: راہل

کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو ’ڈرپوک‘ قرار دیا اور کہا، ’چوکیدار محض چور ہی نہیں بلکہ ڈرپوک بھی ہے‘۔

تصویر آئی این سی
تصویر آئی این سی
user

یو این آئی

گوہاٹی: کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو ’ڈرپوک‘ قرار دیا اور کہا، ’چوکیدار محض چور ہی نہیں بلکہ ڈرپوک بھی ہے‘۔

راہل گاندھی نے یہاں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ چوکیدار چور بھی ہے، یہی وجہ ہے کہ کبھی بھی وہ بدعنوانی پر بحث کرانے کے چیلنج کو قبول نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا، ’’جب میں نے نریندر مودی سے بد عنوانی پر بحث کرانے کی گذارش کی تو وہ اس وقت اس چیلنج کو قبول کرنے کے بجائے بھاگ گئے کیونکہ اگر بد عنوانی پر بحث ہوتی تو رافیل سودے کی حقیقت سامنے آجاتی۔‘‘

غور طلب ہے کہ اس سے قبل راہل گاندھی نے نریندر مودی کو ’چور‘ بتایا تھا تو جواب میں نریندر مودی نے خود کو ’چوکیدار‘ قرار دیا تھا۔ راہل گاندھی کے اس تازہ ترین طنز یہ بیان کے سلسلے میں بی جے پی کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔

راہل گاندھی نے کہا،’میں نے نریندر مودی سے رافیل سودے پر چار آسان سوال پوچھے۔ وہ پارلیمنٹ میں ایک ڈیڑھ گھنٹے تک بولے، لیکن ایک بار بھی مجھ سے آنکھ ملانے کی ہمت نہ کرسکے‘۔

تصویر آئی این سی
تصویر آئی این سی

مودی کو چند امیر ہندوستانیوں کا ’چوکیدار‘قرار دیتے ہوئے کانگریس کے صدر نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے ذریعے عوام کا پیسہ چھین کر اپنے چند تاجر دوستوں کی جیب میں ڈال دیا۔ انہوں نے کانگریس کے برسر اقتدار آنے کی صورت میں یہ پیسے واپس عوام کو لوٹانے کا وعدہ بھی کیا۔

ملک کے سب سے غریب 20 فیصد خاندانوں کو ہر سال 72،000 روپیے دینے کا وعدہ کرنے والی کانگریس کا منصوبہ ’نیائے‘کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا،’ یہ پیسہ براہ راست خاندان کی ارکان خواتین کے بینک کھاتے میں جمع کیا جائے گا‘۔
مہیلا کانگریس کی قومی صدر سشمتا دیو سمیت آسام کی براک گھاٹی سے کانگریس کے دو نوجوان امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے انتخابی منشور میں ریاستی اسمبلی اور پارلیمنٹ میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن کا وعدہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے خصوصی طور پر تین برسوں تک بغیر کسی اجازت کے نئے کاروبار کی شروعات کرکے ’خود روزگار‘کو فروغ دے کر نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے براک گھاٹی کے عوام کے لیے صاف پینے کا پانی، ملک کے باقی حصوں کے ساتھ رابطہ اور اسے ہندوستان اور دیگر ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت کے مرکز کے طور پر ترقی دینے کی یقین دہانی کرائی۔

تصویر آئی این سی
تصویر آئی این سی

خراب موسم کی وجہ سے راہل گاندھی کے پروگرام کی جگہ پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔ کانگریس کے سربراہ نے بھی انتظار کے لیے جم غفیر سے معذرت طلب کی اور بارش اور رکاوٹ کے باوجود ان کے وہاں موجود رہنے کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔
راہل گاندھی کی آمد سے قبل جائے پروگرام پر موجود پریس گیلری کے ایک حصے میں آگ لگ گئی اور کچھ صحافی جھلس بھی گئے تھے۔ آسام کے مشرقی حصے میں واقع براک گھاٹی کی دو پارلیمانی سیٹوں کریم گنج اور سلچر میں 18 اپریل کو دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔

تصویر آئی این سی
تصویر آئی این سی

محترمہ دیو سلچر سے دوسری بار اپنی قسمت آزما رہی ہیں جبکہ کریم گنج میں آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے امیدوار میدان میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔