’نریندر مودی نے صاف نہیں کہا کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں‘، لوک سبھا میں پی ایم مودی کی تقریر سے راہل گاندھی مایوس
راہل گاندھی کے مطابق سب سے خاص بات یہ رہی کہ پوری تقریر میں وزیر اعظم نے چین کا نام نہیں لیا۔ پورا ملک جانتا ہے کہ چین نے پاکستان کی مدد کی، لیکن وزیرا عظم کے منھ سے ’چین‘ نہیں نکلا۔

راہل گاندھی (فائل)، تصویر @INCIndia
لوک سبھا میں ’آپریشن سندور‘ پر بحث ختم ہو چکی ہے۔ راہل گاندھی جب اس بحث میں شامل ہوتے ہوئے اپنی بات رکھ رہے تھے، تو انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو چیلنج پیش کیا تھا کہ وہ امریکی صدر ٹرمپ کا نام لے کر کہیں کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ امید کی جا رہی تھی کہ نریندر مودی اس چیلنج کا جواب دیں گے، لیکن انھوں نے صرف اتنا کہا کہ ’کسی ملک کے لیڈر نے آپریشن سندور روکنے کے لیے نہیں کہا‘۔ اب راہل گاندھی نے پی ایم مودی کی تقریر پر میڈیا کے سامنے اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نریندر مودی نے واضح لفظوں میں ٹرمپ کے بیان کو جھوٹ پر مبنی نہیں بتایا، انھیں ٹرمپ کے ذریعہ ’جنگ بندی‘ سے متعلق دیے گئے بیان کا جواب دینا چاہیے تھا۔
راہل گاندھی کے ذریعہ میڈیا کو دیے گئے بیان کی ویڈیو کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے۔ اس میں راہل گاندھی کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ ’’نریندر مودی نے صٓف نہیں کہا کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں۔ ٹرمپ نے 29 مرتبہ بولا ہے کہ میں نے جنگ بندی کرائی، لیکن نریندر مودی نے اس کا جواب نہیں دیا۔‘‘ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے پی ایم مودی کو اس معاملے میں بھی نشانہ بنایا کہ اپنی تقریر کے دوران انھوں نے چین کا ایک مرتبہ بھی نام نہیں لیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’سب سے خاص بات رہی کہ پوری تقریر میں وزیر اعظم نے چین کا نام نہیں لیا۔ پورا ملک جانتا ہے کہ چین نے پاکستان کی مدد کی، لیکن وزیر اعظم کے منھ سے ’چین‘ نہیں نکلا۔‘‘
دوسری طرف لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گگوئی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے اپنی تقریر کے دوران آپریشن سندور کا مکمل سہرا خود لینے کی کوشش کی ہے۔ گورو کا کہنا ہے کہ ’’پی ایم مودی نے اپنی 2 گھنٹے کی تقریر میں ’آپریشن سندور‘ کا پورا سہرا لینے کی کوشش کی۔ تقریر شروع ہوتے ہی وہ کہہ رہے تھے کہ ملک کے لوگوں نے انھیں حمایت دی، یہ غلط ہے۔ سچائی یہ ہے کہ ملک کے لوگوں نے حکومت اور ہندوستانی فوج کو حمایت دی۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’مودی جی نے آپریشن سندور کا سہرا لینے کی کوشش تو کی، لیکن پہلگام کی ذمہ داری سے بھاگ گئے۔ وزیر اعظم نے اپنی پوری تقریر میں اس چین کا ذکر بھی نہیں کیا، جس نے پاکستان کو ہندوستان کے خلاف پوری حمایت دی تھی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔